Aaj News

اتوار, اپريل 13, 2025  
14 Shawwal 1446  

ٹرمپ غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کیلئے مہنگے ترین فوجی طیارے کیوں استعمال کر رہے ہیں

ٹرمپ کی نئی حکمت عملی کے تحت سی-17 گلوب ماسٹر فوجی طیاروں کے زریعے تارکین وطن کی ملک بدری کا عمل جاری ہے
اپ ڈیٹ 11 فروری 2025 10:28am

امریکی حکومت نے غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، اور اب پہلی بار فوجی طیاروں کے ذریعے بھی غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔ اس نئی حکمت عملی کے تحت C-17 گلوب ماسٹر فوجی طیاروں کے زریعے تارکین وطن کی ملک بدری کا عمل جاری ہے۔

یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن کے خلاف سخت پالیسی کا حصہ ہے، جس کا وہ 2020 کی انتخابی مہم سے وعدہ کرتے آئے ہیں۔ فوجی طیارے کے ذریعے ملک بدری کو سخت گیر موقف کی علامت بھی سمجھا جا رہا ہے، جو دنیا بھر کو ایک واضح پیغام دینے کی کوشش ہے کہ امریکہ میں غیر قانونی داخلے کے سنگین نتائج ہوں گے۔

امریکی صدر نے غزہ پر قبضے کا اعلان کردیا

وائٹ ہاؤس کی سخت وارننگ

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرو لائن لیوٹ نے اس فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بدری کی پروازیں شروع ہو چکی ہیں۔ صدر ٹرمپ دنیا کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ اگر آپ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوں گے، تو آپ کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

فوجی طیاروں کا استعمال: مہنگا اور متنازع فیصلہ؟

عام طور پر ملک بدری کے عمل کے لیے کمرشل پروازیں استعمال کی جاتی ہیں، جو کافی سستی ہوتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک فوجی طیارے کے ذریعے کسی کو ڈی پورٹ کرنے پر 28,500 ڈالر فی گھنٹہ لاگت آ سکتی ہے۔ جبکہ ایک عام کمرشل پرواز سے 630 ڈالر فی فرد میں یہ کام ممکن ہوتا ہے۔

سعودی عرب کا ٹرمپ کی پیشکش پر سخت جواب

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حالیہ ملٹری پروازوں کے ذریعے گوئٹے مالا بھیجے گئے مہاجرین پر 4,675 ڈالر فی فرد لاگت آئی، جو کمرشل پروازوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

بین الاقوامی ردعمل اور تنقید

ملٹری طیاروں کے استعمال پر کئی ماہرین نے سوالات اٹھائے ہیں۔ کچھ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خودمختاری اور انسانی حقوق کے اصولوں کے خلاف جا سکتا ہے۔ خاص طور پر، میکسیکو اور کولمبیا جیسے ممالک نے ماضی میں امریکی مداخلت کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا تھا، اور یہ اقدام ان خدشات کو مزید ہوا دے سکتا ہے۔

ٹرمپ نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کیلئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے

ٹرمپ انتظامیہ کے سخت امیگریشن مؤقف پر بات کرتے ہوئے، امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ’ہم نے پہلی بار غیر قانونی تارکین وطن کو فوجی طیاروں میں لوڈ کر کے انہیں ان کے ملک بھیجا ہے۔ اب دنیا ہمیں بیوقوف نہیں سمجھے گی بلکہ ہمارا احترام کرے گی۔‘

ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی پر عالمی سطح پر بحث جاری ہے، اور آنے والے دنوں میں مزید ملک بدری کی پروازوں کا امکان بھی بڑھ رہا ہے۔

Military Plane For Departation

Trumps's Deportation Policy