Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

وزیراعظم شہبازشریف نے جناح اسکوائر کا افتتاح کردیا

آج اسلام آباد میں ٹریفک کے حوالے سے جناح اسکوائر منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب
اپ ڈیٹ 04 فروری 2025 07:04pm

وزیراعظم شہباز شریف نے 72 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے گئے جناح اسکوائر انڈر پاسز منصوبے کا افتتاح کردیا اور کہا ہے کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جناح اسکوائر کا بہت بڑا منصوبہ آج پایہ تکمیل کو پہنچا ہے، اس میں تین انڈر پاسز ہیں جن کی سڑکوں کی لمبائی 14 کلومیٹر ہے۔

اسلام آباد میں جناح اسکوائر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جناح اسکوائر میں خیابان سہروری اور سری نگر ہائی وے پر 3 انڈر پاسز شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں جناح اسکوائر کا افتتاح کردیا، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں ٹریفک کے حوالے سے جناح اسکوائر منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا، جناح اسکوائر منصوبے سے اسلام آباد کے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی، منصوبے سے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جناح اسکوائر منصوبے سے آلودگی میں بھی کمی آئے گی کیوں کہ ٹریفک جام نہیں ہوگا تو آلودگی بھی نہیں پھیلے گی اور سب سے بڑھ کر لوگوں کا قیمتی وقت بھی محفوظ ہوگا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ جس ذمہ داری اور احساس فرض شناسی سے اس منصوبے کو صرف 72 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے، وہ اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے اور اس کے لیے محسن نقوی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے اسلام آباد میں پنجاب اسپیڈ کو محسن اسپیڈ میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 72 دن میں منصوبے کی تکمیل قابل ستائش ہے، یہ ہم سب کے لیے خوشی کا موقع ہونا چاہیے جس کا ہم سب کو جشن منانا چاہیے کیوں کہ یہی وہ طریقہ ہے جو قوموں کی زندگی کو بدل دیتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح اسکوائر کی طرح دیگر ترقیاتی منصوبے بھی جد مکمل کریں گے، اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے بھی مثال قائم کررہے ہیں، اسلام آباد کو خوبصورتی کے حواے سے مثالی بنایا جائے، ایس سی او کے موقع پر شہر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، ایس سی او پر مہمانوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی کو بے حد سراہا، اسلام آباد میں ایسا نظام بنائیں کہ سبزہ برقرار اور پھول کھلے رہیں۔

وزیراعظم نے محسن نقوی کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ اسی طریقے سے آپ باقی منصوبوں کو بھی رفتار کو اسی طریقے سے بڑھا کر تکمیل تک پہنچائیں اور 1960 کی دہائی میں جو سرکاری عمارات بنی تھیں، ان کو بھی توجہ کی ضرورت ہے، اور مجھے سن کر خوشی ہوئی کہ آپ اس پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

قبل ازیں وزیرداخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیم نے منصوبے پر بہت کام کیا، ایف نائن فلائی اوور بھی 10 سے 12 دن میں مکمل ہوجائے گا، اسلام آباد کی خوبصوتی کی مثال کہیں نہیں ملتی۔

محسن نقوی نے کہا کہ سرینہ چوک منصوبے کو مزید پھولوں سے مزین کیا گیا، سرینہ چوک انٹرچینج سے اسلام آباد کی ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

jinnah square

jinnah square islamabad