لاہور: گھریلو ملازمہ کی سفاکیت، مالکن کی سرزنش کا غصہ نومولود پر نکال دیا
لاہور کے علاقے عسکری 10 میں ایک گھریلو ملازمہ کی جانب سے نومولود بچے پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے۔ ملازمہ نے بچے کو پنگھوڑے سے نکال کر کئی بار زمین پر پٹخا، تھپڑ مارے اور منہ پر کپڑا رکھ کر اس کا سانس روکنے کی کوشش کی۔
گھریلو ملازمہ صائمہ کو گھر کے کام کاج اور بچے کی دیکھ بھال کے لیے ایک ایجنسی کے ذریعے رکھا گیا تھا۔ واقعے سے قبل بچے کی ماں نے کام میں غفلت برتنے پر ملازمہ کو سرزنش کی تھی، جس کا بدلہ اس نے نومولود سے لیا۔
متاثرہ خاندان کے سربراہ مطلوب ظفر کے مطابق 29 جنوری کو وہ اپنے بچے کو ڈاکٹر سے چیک اپ کے بعد گھر واپس آئے تو ملازمہ غائب تھی۔ ساتھ ہی گھر سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد اور 13 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی چوری کر لیے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ شمالی چھاؤنی میں گھریلو ملازمہ صائمہ کے خلاف نومولود پر تشدد اور چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے اور اسے جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Comments are closed on this story.