Aaj News

پیر, مارچ 10, 2025  
09 Ramadan 1446  

پی ٹی آئی کا کارکن کسی بھی جگہ سے غائب ہوا تو متعلقہ تھانے کے باہر دھرنا دیں گے، جنید اکبر

جنید اکبر نے پارٹی رہنماؤں کا آج پہلا اجلاس طلب کرلیا، علی امین گنڈاپور کو مدعو نہیں کیا گیا
شائع 02 فروری 2025 03:02pm

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پشاور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے اندر نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ جنید اکبر نے کہا کہ نئے آئی جی پولیس کی تقرری کسی کے کہنے پر کی گئی ہے، اور اگر پی ٹی آئی کا کوئی کارکن کسی بھی جگہ سے غائب ہوتا ہے تو وہی پر متعلقہ تھانے کے باہر دھرنا دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کارکن کو غائب کیا گیا تو پورے خیبرپختونخوا کو دھرنے کی کال دی جائے گی اور مزید ”ڈرامے“ برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ جنید اکبر نے پارٹی میں جزا و سزا کے نظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو ورکز فیلڈ میں کام کر رہے ہیں، پارٹی میں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اگر گراؤنڈ پر کام نہیں ہو رہا تو جتنا بڑا بندہ ہو، وہ پارٹی میں نہیں ہوگا۔ جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی کو کسی بھی کارروائی کے لیے آمادہ کرنے کا عہد کیا اور کہا کہ اگر وہ ایسا نہ کر سکے تو صدارت سے استعفیٰ دے دیں گے۔

انہوں نے پارٹی میں پیسوں کے اثرات کو ختم کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ وہ کبھی کسی کو جلسے یا جلوس کے لیے گاڑیاں نہیں دیں گے۔ جنید اکبر نے پارٹی کے ارکان سے کہا کہ سیاست میں پیسوں کا لین دین نہیں ہوگا اور پارٹی میں پیسے دینے یا لینے کا تاثر ختم کیا جائے گا۔

جنید اکبر نے پارٹی کے لیے ایک ہزار ایسے افراد کی ضرورت پر زور دیا جو ہر ماہ پانچ ہزار روپے پارٹی کے لیے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے طریقہ کار بنایا جائے گا۔ جنید اکبر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے اندر تبدیلی لانے اور ترقی کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

جنید اکبر نے کہا کہ ہزاروں نہیں بس صرف دو ہزار تک بھی ویلج کونسل کی سطح پر جمع ہو تو بہت کچھ ہوسکتا ہے، میں سیاست میں پیسے لینے اور دینے کا قائل نہیں ہوں، سارے کے پی سے ایک ہزار ایسے بندے چاہئیں جو پارٹی کے لئے ماہانہ 5 ہزار روپے دیں، طریقہ کار بنائیں گے کہ یہ ایک1 ہزار لوگ کس طرح پیمنٹ کریں گے۔

جنید اکبر نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ گورننس پر اور میں پارٹی پر فوکس کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے مجھے ذمہ داریاں دی ہیں، امید ہے صوابی میں سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے میں لڑیں گے لیکن پارٹی کو نقصان نہیں پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ایم پی اے اور ایم این اے اتنی گاڑیاں لائیں، میں نے جلسے جلوس کے لئے کببی کسی کو گاڑی نہیں دی، وعدہ کرتا ہوں پارٹی میں کسی کو لاکھوں روپے دوں گا نا لوں گا، پارٹی میں پیسوں کا تاثر ختم کروں گا۔

بانی کی کال کا انتظار، منظم پلان کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے، جنید اکبر

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ بانی عمران خان خان جیسے ہی ہدایت دیں گے ہم اسلام آباد کا رُخ کریں گے۔

جنید اکبر نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آٹھ فروری کو صوابی میں ہونے والے احتجاجی جلسے کی تیاریوں اور حکمت عملی پر بات کی۔ جنید اکبر نے کہا کہ صوابی کا جلسہ خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا اور اس جلسے میں بھرپور شرکت کی توقع ہے۔

انہوں نے وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا، ’وزیرداخلہ جس طرح باتیں کرتے ہیں ان کو شرم آنی چاہیے۔‘

پی ٹی آئی نے26 نومبرکی طرح بات نہ مانی توپھر ریاست حرکت میں آئے گی، محسن نقوی

جنید اکبر نے مزید کہا کہ ہمارے ورکرز کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ بہت بڑی ریاستی دہشت گردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے اس دفعہ ہم پر کسی بھی احتجاج کے دوران گولیاں بھی چل سکتی ہیں۔

جنید اکبر نے بتایا کہ صوابی احتجاج سے متعلق ایک الگ ملاقات وزیراعلیٰ سے کی جائے گی، اور اس اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مدعو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پہلے سے بہت سی ذمہ داریوں میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی رہنماؤں کا پہلا اجلاس آج طلب کیا ہے۔ اجلاس میں آٹھ فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے لیے حکمتِ عملی طے کی جائے گی، یہ اجلاس پشاور میں صوبائی سیکریٹریٹ میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت پہلے بھی اداروں سے رابطے میں تھی اور یہ رابطے پی ٹی آئی کی مرضی سے کیے گئے تھے۔ جنید اکبر نے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعلیٰ کی ذمہ داری ہے۔

جنید اکبر نے کہا کہ وہ آج مختلف مقامات پر پارٹی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور ان کا مقصد پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کرنا ہے۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سے بانی کی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ وہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے نومبر کے لانگ مارچ کی غلطیوں کو دوبارہ نہ دہرانے کا عہد کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا مذاکراتی کمیٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ماضی کے تجربات سے سیکھیں گے اور اکھٹے بیٹھ کر اپنے لوگوں سے رہنمائی لیں گے۔ جنید اکبر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی دوبارہ اسلام آباد کے لیے منظم پلان کے ساتھ میدان میں آئے گی اور جیسے ہی بانی کی طرف سے کال آئے گی، ہم اسلام آباد جائیں گے۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Junaid Akbar