غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے مزید 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے آج مزید 2 اسرائیلی یرغمالیوں کو خان یونس میں ریڈ کراس کے حوالے کر دیا گیا۔
رہا کیے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں میں اوفر کالدرون اور یارڈن بیباس شامل ہیں، حماس نے آج 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کیتھ سیگل نامی تیسرے اسرائیلی یرغمالی کو غزہ سٹی میں ریڈ کراس کے سپرد کرے گا جبکہ جواب میں اسرائیل 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
حماس اور اسرائیل کی جانب سے مزید قیدیوں کی رہائی کل ہونے کا امکان
جنگ بندی معاہدے کے پہلے 42 روزہ مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 1900 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات پیر کو شروع ہوں گے، جن میں باقی یرغمالیوں کی رہائی اور مکمل طور پر غزہ جنگ بندی کی بات کی جائے گی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق جنگ بندی کے بعد آج رفح کراسنگ سے 50 فلسطینی مریضوں کی مصر منتقلی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے میں اسرائیل نے سابق فلسطینی رہنما مجاہد زکریا زبیدی کو بھی رہا کر دیا جو 2000 سے 2005 تک جنین میں الاقصیٰ بریگیڈ کے سربراہ تھے۔
مجاہد زکریا زبیدی کو اسرائیل نے 2019 میں مسلح سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، تاہم وہ 2021 میں اپنے پانچ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جیل سے فرار ہوگئے تھے، لیکن بعد میں انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
Comments are closed on this story.