کراچی: فیکٹری میں ویلڈنگ کے دوران گیس لیکیج سے آگ لگ گئی، ایک مزدور جاں بحق، پانچ زخمی
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں واقع ٹیکسٹائل فیکٹری میں ویلڈنگ کے دوران گیس لیکج کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں زخمی 22 سالہ مزدور رضوان دورانِ علاج سول اسپتال برنس وارڈ میں دم توڑ گیا، جبکہ پانچ دیگر مزدور شدید زخمی ہیں۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ارشد اعوان کے مطابق، ٹیکسٹائل مل کے پارکنگ ایریا میں شیڈ بنانے کے دوران ویلڈنگ کا شعلہ سلینڈر پر جا گرا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 45 سالہ عارف، 45 سالہ حنیف، 30 سالہ جعفر، 35 سالہ محمد علی اور یاسر شدید جھلس گئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ نے حادثے سے لاعلمی کا اظہار کیا، جبکہ واقعے کی اطلاع ایم ایل او کی انٹری سے ملی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ارشد اعوان نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعہ پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ میں نہیں بلکہ پارکنگ ایریا میں پیش آیا، آگ ویلڈنگ کے دوران سلینڈر میں لگی، جس کے باعث مزدور جھلس گئے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثر مزدور حنیف ہوا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شام ساڑھے پانچ بجے پیش آیا تھا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments are closed on this story.