سیف علی خان حملہ آور کیس : چہرے کی شناخت سے ملزم کی تصدیق ہوگئی
سیف علی خان پر چاقو سے حملے کے معاملے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ چہرے کی شناخت کی رپورٹ کے مطابق، ملزم شریف الاسلام وہی شخص ہے جو اداکار کی عمارت کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آ رہا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کلینا فرانزک لیب میں کیے گئے ٹیسٹ سے یہ ثابت ہوا کہ سیڑھیوں سے اترتے ہوئے فوٹیج میں موجود شخص کا چہرہ گرفتار شدہ ملزم کی تصاویر سے میل کھاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے،اور دونوں تصاویر میں مکمل مماثلت پائی گئی ہے۔
سیف علی خان پر حملہ : پولیس نےمشتبہ حملہ آور گرفتار کرلیا
بھارتی میڈیا رپورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے اس کیس کی مزید تحقیقات کے لیے فرانزک ماہرین سے سیف علی خان کے خون کے نمونوں، ان کے کپڑوں اور حملہ آور کے لباس کی جانچ بھی کرائی ہے تاکہ یہ تصدیق کی جا سکے کہ ان پر موجود خون کے دھبے اداکار کے ہیں یا نہیں۔ اس تفتیش میں ابھی مزید پیش رفت متوقع ہے۔
ملزم کو ممبئی کی باندرا میٹروپولیٹن عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ پولیس نے اس کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے منظور کیا۔
سیف علی خان شناخت کیلئے حملہ آور کا سامنا کرنے سے خوفزدہ کیوں؟
بھارتی پولیس ممبئی سے باہر بھی اس کیس کے حوالے سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ممبئی پولیس کی ایک ٹیم مغربی بنگال کے ضلع نادیہ گئی ہے جہاں انہیں حملہ آور کے استعمال کردہ سم کارڈ سے منسلک ایک خاتون کے بارے میں معلومات ملی ہیں۔ پولیس نے اس خاتون سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ 16 جنوری کو اس وقت پیش آیا جب سیف علی خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا۔ جس میں حملہ آور نے اداکار پر چاقو کے وار کیے، جس کے بعد سیف کو فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں ان کی سرجری کی گئی اور وہ اب صحتیاب ہو رہے ہیں۔
پولیس اس کیس کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور سیف علی خان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
Comments are closed on this story.