Aaj News

پیر, مارچ 10, 2025  
09 Ramadan 1446  

بھارتی اسکول ٹیچر کی طالب علم سے کلاس روم میں شادی کی ویڈیو وائرل

ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی
اپ ڈیٹ 31 جنوری 2025 06:26pm
تصویر بھارتی میڈیا
تصویر بھارتی میڈیا

بھارت کے شہر کلکتہ میں ایک حیرت انگیز اور انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون پروفیسر نے اپنے فرسٹ ایئر کے طالب علم سے کلاس روم میں شادی کر لی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ہر طرف حیرت اور بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ مغربی بنگال کے مولانا ابو الکلام آزاد یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (MAKAUT) میں پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن کے لباس میں ملبوس پروفیسر اپنے طالب علم کے ساتھ شادی کی روایتی رسمیں ادا کر رہی ہیں۔ طالب علم نے خاتون کی مانگ میں سندور بھرا اور ایک دوسرے کو ہار پہنائے۔ کلاس روم میں موجود دیگر طلبہ بھی اس منظر کو دیکھ رہے تھے اور کچھ نے اس پر خوشی کا اظہار کیا۔

یہ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے اسے عجیب اور غیر اخلاقی قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے صرف ایک فنکارانہ مظاہرہ سمجھا۔ یونیورسٹی میں اس قسم کی سرگرمی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے میں ایسا واقعہ پیش آنا ناقابل قبول ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا ایکشن

یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے تک خاتون پروفیسر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ طالب علم کو فی الحال کلاسز سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محبت کی پرواز: بوئنگ 747 میں 350 مہمانوں کے ساتھ انوکھی شادی

خاتون پروفیسر کا مؤقف

خاتون پروفیسر نے اپنے دفاع میں وضاحت دی کہ یہ دراصل سائیکو ڈرامہ پرفارمنس کا حصہ تھا، جس کا مقصد نفسیاتی تجربہ کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو صرف تعلیمی مقاصد کے لیے تھی لیکن اسے غلط طریقے سے وائرل کر دیا گیا، جس سے یونیورسٹی کے سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

یہ واقعہ اب نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں خبروں کی زینت بن چکا ہے، اور لوگ شدت سے اس کیس کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔

india

world

viral news

Marriage in Class Room