Aaj News

پیر, فروری 17, 2025  
19 Shaban 1446  

ٹرمپ کے قریبی رچرڈ گرینیل نے عمران خان کی رہائی کی ٹویٹس ڈیلیٹ کردیں

فیصلے کے محرکات کیا ہیں؟ پاکستان کے سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2025 05:31pm

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ئی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے مطالبے سے متعلق کی گئی ایک کے سوا تمام ٹوئٹس بظاہر ڈیلیٹ کردی ہیں۔

رچرڈ گرینل کی ایکس ٹائم لائن پر ان کی مشہور ٹوئٹس دستیاب نہیں ہیں اور پاکستان میں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث شروع ہوچکی ہے۔

ٹوئٹس ڈیلیٹ ہونے کی جانب توجہ سب سے پہلے صحافی وجاہت ایس خان نے دلائی جو خود پی ٹی آئی کے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور ان دنوں پاکستان سے باہر ہیں۔

وجاہت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر رچرڈ گرینیل کا ایک ٹوئٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’عمران خان کی رہائی کے بارے میں رچرڈ گرینل کی یہ واحد ٹویٹ ابھی تک ریکارڈ پر ہے، باقی کو حذف کر دیا گیا ہے۔‘

وجاہت نے رچرڈ گرینیل کے جس ٹوئٹ کا ذکر کیا وہ 24 دسمبر 2024 کو امریکی دفتر خارجہ ٹیمی بروس کی جانب سے جاری بیان کے جواب میں کیا گیا ہے۔

ٹیمی بروس نے لکھا تھا کہ ’امریکہ کو پاکستانی شہریوں کو ملٹری ٹربیونل میں سزا سنائے جانے پر تشویش ہے اور وہ پاکستانی حکام سے منصفانہ ٹرائل اور مناسب عمل کے حق کا احترام کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔‘

جس کے جواب میں رچرڈ گرینیل نے لکھا کہ ’آپ کو دیر ہو گئی ہے اور یہ بہت کم اور بہت کمزور ہے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کو آزاد کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ونگ سے وابستہ ارسلان بلوچ نے 24 دسمبر کو کی گئی ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ’رچرڈ گرینل نے حال ہی میں عمران خان یا پاکستان سے متعلق 54 پوسٹس کی ہیں۔ ان پوسٹس کو 56.5 ملین سے زیادہ آراء، 1.2 ملین لائکس، 525 ہزار دوبارہ پوسٹس اور 130 ہزار جوابات ملے ہیں۔ گرینل نے ان پوسٹوں میں 25 لوگوں کا ذکر کیا یا ان کے ساتھ مصروفیت کا ذکر کیا، جن میں عمران خان کی دو پوسٹس بھی شامل ہیں۔ ان کی مقبول ترین پوسٹ کو 12.1 ملین ویوز ملے۔‘

رچرڈ گرینل نے عمران خان سے متعلق ٹوئٹس کیوں ڈیلیٹ کیں اس کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔ تاہم چند روز قبل گرینل ٹرمپ کے ساتھ دکھائی دیئے تھے۔

imran khan

Richard Grenell