پی ٹی وی سے جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کو نکالنے کا اعلان
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی وی سے جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کو نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔
منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں پی ٹی وی اور پیمرا سے متعلق اہم امور زیر غور آئے۔
دوران اجلاس وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پی ٹی وی میں ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل 31 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر جعلی ڈگری والے 200 ملازمین بھی نکالنے پڑے تو میں نکالوں گا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی میں سابقہ انتظامیہ کے دور میں ”نیور گو ہوم“ پالیسی رائج تھی، جس کے تحت ریٹائر ہونے والے ملازمین اور افسران کو دوبارہ بھاری تنخواہوں پر بھرتی کیا جاتا تھا۔ حالیہ اصلاحات کے دوران ایسے 12 افراد کو فارغ کیا جا چکا ہے، جو اس پالیسی کے تحت کام کر رہے تھے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی وی میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کام کا ماحول قائم کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پیمرا ترمیمی بل پر بحث
اجلاس کے دوران آسیہ ناز تنولی نے پیمرا ترمیمی بل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ چینلز کے ڈراموں اور اشتہارات کے لیے ایک بورڈ ہونا چاہئے۔ ایسے ڈرامے اور اشتہارات نشر کیے جا رہے ہیں جو فیملی کے ساتھ نہیں دیکھے جا سکتے۔
جس پر چیئرمین پیمرا نے بتایا کہ ان معاملات پر کچھ ٹی وی چینلز کی انتظامیہ سے بات چیت ہو چکی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ انٹرٹینمنٹ چینلز کے مواد کے حوالے سے مزید مشاورت کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ یہ کمیٹی چینلز کے نمائندوں کا موقف سنے گی اور ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرے گی۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی وی اور پیمرا کے حوالے سے شفافیت اور معیاری میڈیا مواد کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
Comments are closed on this story.