Aaj News

بدھ, فروری 12, 2025  
14 Shaban 1446  

آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھارتی کرکٹر لے اُڑے

بھارتی فاسٹ بولر یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی بن گئے
شائع 27 جنوری 2025 05:49pm

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹرآف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو 2024 میں شاندار کارکردگی پر آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا، جس کے بعد بمراہ آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی بن گئے۔

بمراہ نے ہوم اور غیرملکی کنڈیشنز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ میں برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

2024 میں بمراہ نے ریڈ بال فارمیٹ میں اپنا بہترین سال گزارا، دنیا کے نمایاں بولرز میں شامل رہے اور بھارتی ٹیم کی کامیابیوں میں نمایاں حصہ ڈالا۔

آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان

دوسری جانب آئی سی سی نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عظمت اللہ عمرزئی کو 2024 میں شاندار کارکردگی پر کرکٹر آف دی ایئر 2024 کے اعزاز سے نواز دیا۔

24 سالہ افغان کرکٹر نے 14 ون ڈے میچز میں 417 رنز اور 17 وکٹیں حاصل کیں، 52.12 کی اوسط سے رنز بنائے اور 20.47 کی اوسط سے وکٹیں لیں۔

عظمت اللہ کی نمایاں کارکردگیوں میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 149 رنز اور جنوبی افریقہ کے خلاف 50 گیندوں پر 86 رنز شامل تھے۔ نومبر میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیتنے والے میچ میں انہوں نے ناقابل شکست 70 رنز کے ساتھ 37 رنز کے عوض 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

افغانستان نے 2024 میں اپنی پانچ میں سے چار ون ڈے سیریز جیتیں، جس میں عظمت اللہ کی کارکردگی مرکزی حیثیت رکھتی تھی۔ عظمت اللہ سال 2024 میں ٹیم کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور وکٹ لینے والے کھلاڑی رہے۔

اس کے علاوہ سری لنکا کے کمیندو مینڈس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔

آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے پاکستانی کرکٹر صائم ایوب، انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس اٹکنسن، سری لنکا کے کمیندو مینڈس اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نامزد ہوئے تھے۔

آئی سی سی کے مطابق مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر سری لنکا کے کمیندو مینڈس قرار پائے۔

کمیندو مینڈس نے 2024 میں تمام فارمیٹ میں مجموعی طور پر 32 میچز میں 1451 رنز اسکور کیے۔

26 سالہ کمیندو مینڈس نے 2024 میں صرف 9 ٹیسٹ میچز میں 5 سنچریوں کی بدولت 1049 رنز بنائے، ان کا سب سے بہترین اسکور 182 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔

Indian cricket team

jasprit bumrah

icc test crickter of the year

indan fast bowler

icc mens test crickter of the year