وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب پولیس کی کارکردگی سے ناخوش
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز کی پرفارمنس انڈیکٹرز میٹنگ میں پولیس کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے سینئر افسران کو سخت تنبیہ جاری کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نمبرز گیم کی بجائے حقیقی طور پر کرائم پر قابو پایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگ تھانوں میں آکر حوالات میں ملزموں کو قتل کر رہے ہیں، یہ صورت تحال کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ شہریوں کو سرعام لوٹا اور مارا جارہا ہے، کئی علاقوں میں علاقہ غیر کا تاثر سامنے آرہا ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ افسران کی کارکردگی کاغذوں پر نہیں حقیقی طور پر بہتر ہونی چاہئے۔
وزیراعلیٰ نے فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، ساہیوال ریجن کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور ضلع ننکانہ صاحب، سرگودھا سمیت دیگر کو سخت الفاظ میں فیلڈ ورک بہتر بنانے کا حکم دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی پی او وہاڑی اور آر پی او ملتان کو بہتر کارکردگی پر شاباش دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پولیس کی جانب سے تیار کردہ کی پرفارمنس انڈیکیٹرز کی ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ سے تصدیق کرتی رہیں، پہلی دفعہ اجلاس میں آئی جی پنجاب افسران کے دفاع کے بجائے خاموش رہے۔
Comments are closed on this story.