Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
02 Dhul-Qadah 1446  

معروف بھارتی اداکارہ دنیا داری چھوڑ کر ہندو پنڈت بن گئیں

90 کی دہائی کی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے
شائع 24 جنوری 2025 10:03pm
بشکریہ سوشل میڈیا
بشکریہ سوشل میڈیا

ماضی کی معروف بھارتی اداکارہ ممتاکلکرنی نے زندگی کو نئے روحانی سفر کی جانب موڑتے ہوئے ’سنیاس‘ لے لیا، دنیا داری چھوڑ کر ہندو پنڈت بن گئیں، اب مندر میں خدمات سر انجام دیں گی۔

بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی نے 90 کی دہائی کی مشہور فلموں ’کرن ارجن‘ اور ’بازی‘ میں مشہور فلمی ہیروز کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

ممتا کلکرنی نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان جیسے سپر اسٹارز کے ساتھ کام کیا، 2000 کی دہائی کی شروعات میں ممتا کلکرنی بالی وڈ کو خیرباد کہہ کر بیرون ملک منتقل ہو گئی تھیں۔

اس دوران ان پر منشیات کا بڑا کیس بھی بنایا گیا تھا، حال ہی میں ممبئی ہائیکورٹ نے ان کے مقدمہ کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں کلین چٹ دے دی تھی۔

کلین چٹ ملتے ہی دسمبر 2024 میں 25 سال بعد اداکارہ بھارت پہنچیں ، ان کے مداح انہیں ایک بار پھر فلموں میں دیکھنے کے خواہش مند تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ نے اب سنیاس (تارک الدنیا) لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممتا نے کمبھ میلے کے موقع پر ’ہندو پنڈت‘ بننے کا اعلان کر دیا۔

ماضی کی اداکارہ نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا ہے، اب ان کا نام ’شری یامائی ممتا نند گری‘ رکھ دیا گیا، سنیاس کی رسومات ادا کرنے کے بعد وہ مندر میں اپنی خدمات سر انجام دیں گی۔

ممتا کلکرنی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مہاکمبھ‘ کے شاندار نظارے کو دیکھنا یادگار لمحہ ہے، میری خوش قسمتی ہے کہ میں مقدس موقع پر شریک ہوکر آشیرواد حاصل کر رہی ہوں۔

india

Bollywood

film star

bollywood film

show biz

Films