Aaj News

بدھ, مئ 07, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

عدالت نے رجب بٹ کو شیر کا بچہ رکھنے پر انوکھی سزا سنا دی

مجرم سزا پر عملدرآمد میں ناکام رہا تو اسے قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے، عدالت
شائع 24 جنوری 2025 07:59pm

ٹک ٹاکر رجب بٹ کو شیر کے بچے کو غیر قانونی طور پر رکھنے پر عدالت نے انوکھی سزا سناتے ہوئے کمیونٹی سروس دینے اور جانوروں کے بارے میں آگاہی دینے کی سزا دی۔

لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ حامد الرحمٰن نے محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے رجب بٹ کے خلاف درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس مقدمے میں مؤقف اپنایا گیا کہ ملزم رجب بٹ نے اپنی شادی کے موقع پر شیر کا بچہ بطور تحفہ قبول کیا جبکہ قانون کے مطابق جب تک شیر کا بچہ رکھنے کے حوالے سے متعقلہ محکمے سے لائسنس حاصل نہ کیا جائے اور شیر کا بچہ پالنے کے لیے مناسب اقدامات نہ ہوں تو ایسا اقدام جنگلی جانوروں کے لیے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر بھی شیر یا کسی بھی جنگلی جانور کے بچے کو بطور تحفہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔ مجرم رجب بٹ نے اپنا جرم تسلیم کیا ہے اور خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑا تھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ رجب بٹ ایک سال تک ہر ماہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جانوروں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کیا کریں گے، اگر مجرم اس پر عمل کرنے میں ناکام رہا تو اسے قید کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ رجب بٹ کو اپنے 5 منٹ کے وی لاگ میں جانوروں کے تحفظ اور ان کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہوگی، یہ وی لاگ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں پروبیشن آفیسر کی اجازت سے اپلوڈ کیا جائے گا۔

Court Order

Rajab Butt Arrested

rajab butt

unique punishment