Aaj News

ہفتہ, مئ 03, 2025  
05 Dhul-Qadah 1446  

اشیا ضروریہ پر مشتمل 71 گاڑیوں کا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا

سبزیوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیوں میں کمی آنا شروع ہوگئی، حکام
شائع 24 جنوری 2025 07:35pm

ٹل سے اشیا ضروریہ پر مشتمل71 گاڑیوں کا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا، قافلے میں گھی، آٹا، چینی، پھل، سبزیاں اور ادویات پر مشتمل گاڑیاں شامل ہیں، مزید اشیا خورد و نوش کی گاڑیاں پہنچنے سے سبزیوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیوں میں کمی آنا شروع ہوگئی۔

حکام کے مطابق مزید گاڑیاں پہنچنے سے علاقے میں سبزیوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں، ٹماٹر فی کلو 150 روپے پرآ گیا، جبکہ پیاز 200 میں ملنے لگا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح آمدورفت بحال کی گئی تو قلت و مشکلات کا خاتمہ ہوگا، تاہم ڈیزل پٹرول و گیس کی گاڑیاں آج بھی نہیں پہنچ سکیں، جبکہ شہر میں ہوٹل ریسٹورنٹ نان بائی اور پیٹرول پمپ ڈیڑھ ماہ سے بند ہیں۔

قبل ازیں پارا چنار کے لئے اشیا ضروریہ پر مشتمل 20 چھوٹی گاڑیوں کا قافلہ پارا چنار پہنچا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر ٹل کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کو سخت سیکیورٹی میں پارا چنار روانہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں میں ادویات، سبزیاں، پھل، انڈے اور پاپڑ شامل ہیں، بڑی گاڑیوں کا کانوائے بھی آج کسی وقت پہنچ جائے گا۔

قافلے کی روانگی کے وقت کمشنر کوہاٹ متعصم باللہ اور آر پی او عباس مجید مروت بھی موجود تھے، کرم پولیس کا کہنا ہے کہ بڑی گاڑیاں صدہ کراس کرکے اپر کرم کے حدود میں داخل ہوچکی ہیں۔

کرم میں قیام امن کے لیے بنکرز کی مسماری کا سلسلہ آج پھر شروع ہوگا، جبکہ آئندہ 3 دنوں میں کسی بھی دن امن جرگے کا امکان ہے۔

دوسری جانب بنکرز کی مرحلہ وار مسماری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اگلے 3 دنوں میں امن معاہدے کے شرکا اور امن کمیٹیوں کے ارکان کا جرگہ بھی ہوگا، اسلحہ جمع کرانے کا طریقہ کار بھی طے کیا جارہا ہے۔

اپر کرم کے لئے ادویات کی ایک اورکھیپ بھی روانہ

خیبرپختوںخوا حکومت کی جانب سے اپر کرم کےلئے ادویات کی ایک اورکھیپ روانہ کردی گئی۔ مشیر صحت احتشام علی کے مطابق جب تک زمینی رابطہ بحال نہیں ہوتا ہیلی کاپٹر کے زریعے ادویات کی فراہمی کاسلسلہ جاری رہے گا، ادویات کی اگلی کھیپ اگلے ہفتے روانہ کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ادویات ایم ایس پارا چنار کے حوالے کی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 1500 کلو وزنی ادویات حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ایک ہی پرواز کے ذریعے پارا چنار بھیجی جارہی ہیں، ان ادویات میں اینٹی بائیوٹکس، سیرپ، پین کلرز اور بچوں کیلئے ادویات شامل ہیں۔

مشیر صحت نے مزید کہا کہ جب تک زمینی رابطہ بحال نہیں ہوتا، ہیلی کاپٹرکے ذریعے ادویات کی فراہمی کاسلسلہ جاری رہے گا، ادویات کی اگلی کھیپ اگلے ہفتے روانہ کی جائے گی۔

کرم کے معاملے پر گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کردیے

واضح رہے کہ 2024 کے آخری مہینوں میں کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں مسافر بس پر فائرنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں مسلح قبائلی تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

متحارب فریقین کی جانب سے راستوں کی بندش اور احتجاج کی وجہ سے کرم ایجنسی میں کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد وفاقی کابینہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہنگامی طور پر امدادی سامان پاراچنار بھیجا گیا تھا۔

پارا چنار پریس کلب پر کئی روز دھرنا جاری رہا، اس دوران مجلس وحدت المسلمین نے کراچی میں بھی مختلف مقامات پر سڑکیں بند کرکے دھرنے دیے، بعد ازاں خیبر پختونخوا حکومت اور قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگے میں مذاکرات کے کئی دور ہونے کے بعد فریقین میں امن معاہدہ ہوگیا تھا۔

لوئر کرم میں آپریشن تیسرے روز میں داخل، مختلف مقامات پر ہیلی کاپٹر سے شیلنگ

پارا چنار جانے والے قافلے پر فائرنگ اور لوٹ مار کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

اپر کرم کے لئے سامان رسد اور بنکرز کی مسماری کا نیا شیڈول جاری

امن معاہدے کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف مقامات پر جاری احتجاج ختم کر دیا گیا تھا، جس کے بعد آج خیبر پختونخوا حکومت نے امدادی سامان کرم ایجنسی کی جانب روانہ کیا ہے۔

Parachinar

district kurram

Kurram Clashes

Parachinar Clashes

Kurram Situation

Upper Kurram

Lower Kurram Operation