Aaj News

جمعرات, مئ 15, 2025  
17 Dhul-Qadah 1446  

کرم کی صورتحال پر خیبرپختونخوا میں اعلیٰ سطح کی بیٹھک، شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کا فیصلہ

امن پسند لوگوں کو نقصان سے بچانے کیلئے انہیں شرپسندوں سے الگ کرکے کارروائی کی جائے گی، بیرسٹر سیف
شائع 19 جنوری 2025 06:46pm

کرم کی صورتحال پر خیبرپختونخوا میں اعلیٰ سطح کی بیٹھک ہوئی ہے جس میں شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ ریاست پُرامن عناصر کے ساتھ کھڑی ہے، ظالم عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں ترجمان حکومت خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس کے علاوہ دیگر سول و پولیس افسران شامل تھے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے، امن معاہدے پر قانون اور پشتون روایات کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے گا، پولیس اور سول انتظامیہ کی مدد کے لیے سکیورٹی فورسز موجود ہوں گی۔

لوئر کرم میں آپریشن شروع، ایف سی قلعے سے فورسز کی شیلنگ

ترجمان نے کہا کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ امن پسند لوگوں کے درمیان کچھ شرپسند گھس گئے ہیں۔ امن پسند لوگوں کو نقصان سے بچانے کیلئے انہیں شرپسندوں سے الگ کرکے کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے رہائش کے بہترین متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، حکومت دونوں فریقین سے درخواست کرتی ہے کہ اپنے درمیان موجود شرپسندوں کی نشاندہی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت گزشتہ تین مہینوں سے کرم میں پرامن طریقے سے امن بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، گرینڈ جرگے کے ذریعے پشتون روایات کے مطابق امن معاہدہ کیا گیا، کرم میں چند شرپسند عناصر نے امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی، شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر پر قاتلانہ حملہ کیا، جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے، شرپسند عناصر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور امدادی سامان کے قافلوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

کرم: فریقین کے جرگہ مشران کا وزیر اعظم کو مشترکہ خط، مطالبات سامنے رکھ دئے

ترجمان نے کہا کہ حکومت جلد ہی متاثرہ علاقوں سے شرپسندوں کا خاتمہ کرکے علاقے میں امن بحال کر دے گی، حکومت نے امن معاہدے کے مطابق امن بحال کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔

کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں، کمشنر کوہاٹ

کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ اور ریجنل پولیس آفسر عباس مجید مروت کا کہنا ہے کہ کرم میں پائیدار امن کے لیے کوہاٹ معاہدہ تاریخی معاہدہ ہے، کرم میں بلا تفریق امن دشمن عناصر کے خلاف قانون حرکت میں ہے، کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں۔

ہنگو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ، ریجنل پولیس آفسر عباس مجید مروت کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ کرم میں انسانی المیہ پیدا نہ ہو، دہشت گرد کرم عوام میں گھل مل گئے ہیں۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن کا کہنا تھا کہ کرم میں فریقین امن کے لیے پر عزم ہیں، امن معاہدے پر ہر صورت عمل درآمد کرائیں گے۔

آر پی او عباس مجید مروت کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے شر پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کر رہے ہیں، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دہشت گردوں اور امن دشمنوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرم میں پائیدار امن کے لیے کوہاٹ معاہدہ تاریخی معاہدہ ہے، کرم میں بلا تفریق امن دشمن عناصر کے خلاف قانون حرکت میں ہے، کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں۔

Barrister Muhammad Ali Saif

Kurram Situation