Aaj News

جمعرات, مئ 01, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین اسپنر چھا گئے، تاریخ رقم کر ڈالی

پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین اسپنر نے قومی ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا
شائع 19 جنوری 2025 11:33am

ملتان: ویسٹ انڈیز کے اسپنر جومل واریکن نے سنسنی خیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز 7 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے قومی ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کردیا۔

ملتان میں جاری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جومل واریکن نے 7 پاکستان کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں بابراعظم، محمد ہریرہ، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، نعمان علی اور ساجد خان کی وکٹیں شامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جومل واریکن ویسٹ انڈیز کے پہلے بالر بن گئے ہیں جنہوں نے پاکستان میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کی ہوں اس سے قبل کسی بھی ویسٹ انڈین کھلاڑی نے اتنی وکٹیں حاصل نہیں کیں۔

چیمپئنز ٹرافی 2025، بھارت نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا

واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 157 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف ملا ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی دوسری نا مکمل اننگز کا آغاز 109 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن کھیل کی پہلی ہی گیند پر پہلی اننگز کے نمایاں اسکورر سعود شکیل اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے 2 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں وکٹین گرنے کا سلسلہ چلتا رہا۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل کوہلی کے مداحوں کیلئے برُی خبر

محمد رضوان 2 رنز آؤٹ ہوئے، کامران غلام 27 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 جبکہ گوداکیش موٹی نے ایک وکٹ حاصل کی، پاکستان کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

یاد رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 230 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

Pakistan vs West Indies

Jomel Warrican

West Indies spinner

7 wickets