Aaj News

بدھ, اپريل 02, 2025  
03 Shawwal 1446  

بجلی چوری پر جواد احمد کو 13 لاکھ روپے جرمانہ، گلوکار کا بیان سامنے آگیا

مقدمے میں تمام دفعات شامل نہ کرکے پولیس نے زیادتی کی، لیسکو حکام
اپ ڈیٹ 18 جنوری 2025 01:30pm

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے پاکستانی گلوکار جواد احمد پر بجلی چوری کے الزام میں 13 لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔

چند روز قبل جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی تھی، لیسکو حکام کے چھاپے کی اطلاع پر جواد احمد فوراً پہنچے اور ان کی لیسکو حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

جواد احمد نے لیسکو حکام سے میٹر چھین لیا۔

لیسکو حکام کے مطابق گلوکار جواد احمد کے خلاف نواب ٹاؤن تھانے میں ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، لیکن مقدمے میں تمام دفعات شامل نہ کرکے پولیس نے زیادتی کی ہے۔

لسیکو حکام کا کہنا ہے کہ جواد احمد کو 27 ماہ کی بجائے صرف چھ ماہ کا ڈٹیکشن بل دیا گیا ہے، میٹر اب تک غائب ہے، میٹر ملنے پر بل زیادہ ڈالیں گے، بل کی مجموعی رقم 13 لاکھ روپے بنی ہے۔

لسیکو حکام نے کہا کہ صارف کسی بھی فورم پر چلا جائے، ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی، ساری کارروائی کی تفصیل اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔

جواد احمد کا مؤقف

اس حوالے سے گلوکار جواد احمد نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ میڈیا پر یکطرفہ طور پر چلایا گیا، وہ لوگ جب آئے تو پہلے انہوں نے بلز منگوائے، انہوں نے کہا کہ ہم سروے کر رہے ہیں، وہ 8 لوگ تھے، انہوں نے کہا کہ ہم میٹر چیک کرنا چاہتے ہیں تو ہم نے کہا کر لیں۔

جواد احمد نے کہا کہ گرین میٹر ہم نے خریدا ہوا تھا، وہ اتار کر لے گئے، انہوں نے لاک اور جنگلہ توڑا اور گارڈز کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔

جواد احمد نے کہا کہ مجھے بتایا گیا وہ میٹر اتار کر چیک کر رہے تھے، پھر انہوں نے بتایا کہ ہمیں لگ رہا کہ یہاں بجلی چوری ہو رہی ہے، میں نے پوچھا آپ کون ہیں، انہوں نے پھر کہا کہ یہاں بجلی چوری ہو رہی ہے، اس پر مجھے غصہ آ گیا وہ بار بار کہتے رہے کہ ہم میٹر لے کر جائیں گے، میں نے کہا آپ پولیس کو بلائیں، میٹر نہیں لے جا سکتے۔

جواد احمد کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں کہا میں سیاسی آدمی ہوں آپ پولیس کو بلا لیں، آپ میرے خلاف پتا نہیں کیا کیا خبریں چلائیں گے، میں نے منہ پہ ماسک لگایا ہوا تھا، اس لئے کہا تھا کہ کیا آپ مجھے جانتے ہیں؟

LESCO

Electricity theft

Jawad Ahmed