Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

سردیوں کی بارش کی پیش گوئی، برف باری مزید ہوگی

بلوچستان میں سیلاب کا خدشہ
اپ ڈیٹ 18 جنوری 2025 09:04am

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ مغربی علاقوں میں داخل ہوگا۔

کراچی میں موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتادیا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے بیس جنوری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، بارکھان، قلات اور خضدار میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی بادل برسیں گے۔

مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برفباری ہوسکتی ہے۔ جبکہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہیں، جس کے باعث موٹروے ایم تھری سمندری سے درخانہ اور ایم فور گوجرہ سے ملتان تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔

موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بارش، پی ڈی ایم اے الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 18 جنوری سے 21 جنوری تک جاری رہے گا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر شدید برف باری کا امکان ہے، پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، بنوں، دیر، سوات میں بارشیں ہوں گی۔

چترال، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ میں بھی بارشوں کا امکان ہے، خیبر، اورکزئی، وزیرستان، کرک اور کوہاٹ میں بھی بارشیں ہوں گی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برف باری کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمنٹے کے لئے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں، کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔

حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے اختیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

snow fall

Winter Rain