Aaj News

پیر, مئ 05, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

لوئر کرم میں چار مقامات پر دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ، بے گھر ہونے والوں کیلئے کیمپ قائم ہونگے

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز کیمپ کے قیام کا نوٹیفیکشن جاری
اپ ڈیٹ 18 جنوری 2025 12:03pm

لوئر کرم میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کیلئے ٹل اور ہنگو میں ٹی ڈی پیز(عارضی بے گھر افراد کیلئے) کیمپ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو اور عدالت کی عمارت میں کیمپ قائم ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کیلئے صوبائی ریلیف کو خط ارسال کردیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دوران آپریشن آبادی کے تحفظ کیلئے کیمپ قائم کیے جارہے ہیں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

کرم جانے والے امدادی اشیا کے قافلے پر نامعلوم افراد کا حملہ، 2 گاڑیاں نذر آتش، 3 سکیورٹی اہلکار زخمی

ڈپٹی کمشنر کرم کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے چار ویلج کونسلز میں آپریشن ہوگا، بگن، مندوری اوچت، چارخیل اور چھپری میں انٹیلی جنس بیس آپریشن کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق چند مہینوں میں ان چار مقامات پر دہشتگردی کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن سے قبل ممکنہ ٹی ڈی پیز کیمپ لگانے کے انتظامات جاری ہی۔

جرگہ ممبر لائق اورکزئی نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے بنکرز کی مسماری سمیت امن معاہدے پر عملی اقدامات جاری تھے،فریقین کے اب تک 8 بنکرز مسمار کئے گئے ہیں، بگن حملے سے امن کوششیں شدید متاثر ہوئی ہیں، حکومت سے بار بار امن معاہدے کی خلاف ورزی پر کارروائی کی تجویز دی ہے، خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس نہ لیا گیا تو جرگوں و معاہدوں کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی۔

گذشتہ روز کرم کے علاقے بگن میں پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 ڈرائیورز شہید اور 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور ہلاک اور 10 زخمی ہوئے جبکہ 10 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

صدرٹریڈ یونین پاراچنار حاجی امداد کا کہنا ہے کہ قافلے میں موجود 35 میں سے 33 مال بردار گاڑیوں کو لوٹ لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم افراد نے پارا چنار جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا، حملے میں 2 سیکیورٹی اہلکار اور 6 ڈرائیورز شہید جبکہ 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

کرم میں قافلے پر حملے کی تفصیلات، 2 سیکیورٹی اہلکار، 6 ڈرائیورز شہید ہوئے، 6 حملہ آور مارے گئے

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور مارے گئے جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری طرف لوئر کرم کے علاقے اڑوالی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 4 ڈرائیورز کی لاشیں لوئرکرم سےصبح برآمد کی گئی ہیں، لاشوں کو لوئر کرم علی زئی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ضلع کرم: امن معاہدے کے تحت مورچے مسمار کئے جانے کا عمل مؤخر

ادھر گرینڈ جرگہ ممبر کے مطابق امن معاہدے کی بار بار خلاف ورزی ذمہ داروں کے سامنے رکھیں گے، بگن حملے سے امن کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔

جرگہ ممبران کے مطابق راستوں کی بندش اور حملے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قیام امن کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے جس کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا۔

معاہدے کے تحت فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے اور قبائلی تصادم کو مذہبی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

KPK

security forces operation

DC Kurram

Lower Karam