Aaj News

جمعرات, جنوری 16, 2025  
15 Rajab 1446  

اووسیز پاکستانیوں کی شکایت پر نادرا کی ویب سائٹ بند کرنے کا اعلان، ایپ لانچ کی جائے گی

پاک آئی ڈی ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں، محسن نقوی
شائع 16 جنوری 2025 03:17pm

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی ”پاک آئی ڈی“ ویب سائٹ بند کرکے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 جنوری (بروز جمعہ) سے پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے، اب نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ کی تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان تین نئے ریجنل سینٹر بنائے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک آئی ڈی ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ویب سائٹ پر انگلیوں کے نشانات اور مطلوبہ دستاویزات اسکین کر کے اپ لوڈ کرنے میں پریشانی ہوتی تھی، جعل ساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرکے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی، ان سرگرمیوں کے تدارک کے لیے 17 جنوری سے ویب سائٹ بند کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا ہے، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے، نادرا کی موبائل ایپ کو پہلے سے بہت مزید بہتر بنادیا گیا ہے، کل سے شہری نادرا کی موبائل ایپ استعمال کریں۔

NADRA

mohsin naqvi

NADRA Website

NADRA App