Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر: عدالت نے تحریری حکم نامے میں کیا لکھا

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کا فیصلہ 17 جنوری تک مؤخر ہونے کا حکم نامہ جاری کر دیا
اپ ڈیٹ 14 جنوری 2025 09:01pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 17 جنوری تک مؤخر ہونے کا حکم نامہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے ذریعے ملزم بانی پی ٹی آئی کو فیصلہ سنانے کے لیے عدالت میں پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا مگر طلبی کے باوجود عمران خان نے عدالت میں حاضر ہونے سے انکار کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم عمران خان نے ملزمہ بشری بی بی، فیملی ممبران اور وکلا صفائی کے آنے تک عدالت آنے سے انکار کیا، صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے 10 بجے تک 2 گھنٹے انتظار کے باوجود ملزمان کی جانب سے کوئی عدالت پیش نہ ہوا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید کی جانب سے تحریر کیے گئے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کی عدم حاضری کے باعث ریفرنس کا فیصلہ سنانے کی کارروائی مؤخر کی گئی۔

تحریری حکم نامے میں فریقین کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 17جنوری کو سنایا جائے گا۔

عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

گزشتہ سماعت کے دوران جج ناصر جاوید 9 بجے سے کمرہ عدالت میں موجود تھے تاہم عمران خان، بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کمرہ عدالت میں نہیں پہنچے جس کے باعث فیصلہ مؤخر کیا گیا۔

یاد رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ٹرائل ایک سال کے عرصے میں مکمل ہوا، نیب ریفرنس کا ٹرائل گزشتہ سال 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا، کیس کا فیصلہ ابتدائی طور پر 23 دسمبر کو سنایا جانا تھا۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

ٹرائل میں کب کیا ہوا؟

190 ملین پاؤنڈ کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مالی ریفرنس تھا جس کو یکم دسمبر 2023 کو احتساب عدالت میں دائر کیا گیا، ملزمان پر 27 فروری 2024 کوفرد جرم عائد ہوئی تھی،نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے، عمران خان کے وکلا کی جانب سے گواہان پر جرح بھی کی گئی۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا ضرور ہوگی، فیصل واوڈا کا دعویٰ

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی نئی تاریخ دے دی گئی

190 ملین پاؤنڈ کیس: فیصلے کی تاریخ میں تبدیلی پر عمران خان کی قانونی ٹیم کا بیان سامنے آگیا

کیس کے اہم گواہان میں سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور زبیدہ جلال شامل تھیں، ریفرنس کی سماعت کے دوران 3 ججز بھی تبدیل ہوئے، ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر وکلائے صفائی نے 38 سماعتوں کے بعد جرح مکمل کی، ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت نے 15 مواقع فراہم کیے، ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا۔

بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری ٹرائل احتساب عدالت جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اسلام آباد ہائی کورٹ نے منظور کی تھی جبکہ ملزمان کی درخواست بریت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو فیصلے کا اختیار دیا تھا۔

ملزمان کی جانب سے 16 گواہان کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کی تھی،نیب کی جانب سے 6 رکنی پراسیکیوشن ٹیم نے کیس ٹرائل میں حصہ لیا۔

ریفرنس کے کل 8 ملزمان تھے جن میں 6 بیرون ملک فرار ہیں، صرف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ٹرائل کا سامنا کیا،6 جنوری 2024 کو عدالت نے فرحت شہزاد گوگی، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر سمیت 6 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

اسلام آباد

imran khan

bushra bibi

190 million pounds scandal

Imran Khan Bushra Bibi

190 MILLLION POUND CASE

190 Million Pound Reference Verdict