Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
13 Rajab 1446  

مسلمان فائٹر خبیب نے جہاز سے آف لوڈ کیے جانے کی اصل کہانی بتادی

جہاز کے عملے کا رویہ ابتدا سے ہی بدتمیز تھا جبکہ وہ مکمل تعاون کے لیے تیار تھے
شائع 13 جنوری 2025 02:01pm

روس کے معروف سابق مکس مارشل آرٹس چیمپئن خبیب نُرماگومیڈوف نے امریکا میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی تفصیلات بتادیں، جس میں انہیں فلائی فرنٹیئر کی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا تھا۔

خبیب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر پوسٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ واقعہ الاسکا ایئر کے بجائے فلائی فرنٹیئر کی پرواز میں پیش آیا۔

نامور مسلمان فائٹر خبیب کو جہاز سے اتار دیا گیا، بیٹھنے کی اجازت کیوں نہ ملی؟

انہوں نے بتایا کہ جہاز کے عملے کا رویہ ابتدا سے ہی بدتمیز تھا، حالانکہ وہ انگریزی اچھی بولتے ہیں اور مکمل تعاون کے لیے تیار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس کی وجہ نسل پرستی، قومیت یا کچھ اور تھی!

خبیب کے مطابق، خاتون فلائٹ اٹینڈنٹ نے ان سے سیٹ تبدیل کرنے کو کہا، لیکن ان کے رویے اور بات چیت کے انداز نے معاملے کو پیچیدہ بنادیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 منٹ کی گفتگو کے بعد سیکیورٹی کو طلب کرلیا گیا اور انہیں طیارے سے اتار دیا گیا۔

خبیب کا کہنا تھا کہ وہ پرسکون رہنے کی بھرپور کوشش کرتے رہے، جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، لیکن عملے کا رویہ غیر مناسب تھا۔ بعدازاں، خبیب نے دوسری ایئر لائن کی پرواز لے کر اپنی منزل کی جانب سفر مکمل کیا۔

خبیب کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فلائٹ عملے کے رویے پر سخت تنقید کی۔ یہ واقعہ عالمی سطح پر ایئر لائنز کے عملے کے رویے پر سوالات اٹھاتا ہے اور مسافروں کے ساتھ بہتر سلوک کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

Khabib Nurmagomedov

Dispute in Flight

Offload