بگ بیش لیگ کا یادگار لمحہ: بیٹے کو مارے گئے چھکے پر باپ نے کیچ پکڑلیا
آسٹریلیا کی مشہور لیگ بگ بیش کے میچ کے دوران دلچسپ واقعہ پیش آیا جب بیٹے کو مارے گئے چھکے کو باپ نے کیچ پکڑلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی لیگ بگ بیش کے دوران ایک دلچسپ اور منفرد واقعہ پیش آیا، جس نے شائقین کو محظوظ کر دیا۔
بگ بیش لیگ میں دلچسپ واقعہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور برسبین ہیٹ کے درمیان میچ میں پیش آیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور برسبین ہیٹ کے درمیان میچ کے 16ویں اوور میں برسبین ہیٹ کے نیتھن میک سوینی نے لیام ہیسکٹ کی گیند پر ایک زبردست چھکا مارا، دلچسپ بات یہ تھی کہ گیند اسٹیڈیم کے اسٹینڈ میں گئی اور کیچ کسی اور نے نہیں بلکہ خود لیام ہیسکٹ کے والد نے پکڑ لیا۔
اس موقع پر لیام ہیسکٹ کی والدہ بھی وہاں موجود تھیں، جب شوہر نے اہلیہ کو بیٹے کے چھکا کھانے پر تسلی دینے کی کوشش کی تو انہوں نے مایوسی میں شوہر کا ہاتھ جھٹک دیا، جس پر مزید دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی۔
یہ لمحہ جلد ہی وائرل ہوگیا اور شائقین کے چہروں پر مسکراہٹ لے آیا جبکہ میچ کے اختتام پر ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے برسبین ہیٹ کو 56 رنز سے شکست دی۔