Aaj News

اتوار, جنوری 12, 2025  
11 Rajab 1446  

پولیس نے کرپٹو کرنسی کی رقم سے خریدی گئی گاڑی برآمد کرلی

پولیس نے ایک کروڑ پاکستانی روپے بھی برآمد کیے
شائع 12 جنوری 2025 08:59am

کراچی کے علاقے منگھوپیر سے کرپٹو کرنسی لوٹنے کے کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے کرپٹو کرنسی کی رقم سے خریدی گئی گاڑی برآمد کرلی۔

چند روز قبل کراچی میں کرپٹو کرنسی ڈیلر کو اغوا کرکے اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالرز ٹرانسفر کرانے کے الزام پر کراچی کی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایک اہلکار سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

اے وی سی سی نے بتایا کہ 25 دسمبر کو پولیس موبائل میں سوار اغوا کاروں نے منگھوپیر سے کرپٹو کرنسی کے بزنس مین ارسلان کو اغوا کیا، پولیس موبائل میں سوار اغوا کار شہری کو صدر لائے جہاں اس کے اکاؤنٹ سے پیسے ٹرانفسر کرنے کے بعد مغوی کو مزار قائد کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔

اور اب پولیس نے کرپٹو کرنسی کی رقم سے خریدی گئی گاڑی برآمد کرلی ہے، اس کے علاوہ پولیس نے ایک کروڑ پاکستانی روپے بھی برآمد کیے۔

پولیس کے مطابق پیسوں کو کرپٹو کرنسی سے پاکستانی روپے میں تبدیل کیا گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس کی سندھ اور پنجاب میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

خیال رہے کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور ڈیجیٹل ڈکیتی پر ایکشن لیتے ہوئے سی ٹی ڈی افسر راجا عمر خطاب اور سی پیک کے ڈی ایس پی فرخ کو عہدے سے ہٹادیا تھا۔

دونوں افسران کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کرکے سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنےکی ہدایت جاری کردی گئی تھیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق شارٹ ٹرم کڈنیپنگ اور بٹ کوائن ڈکیتی میں موبائل استعمال ہوئی تھی، ماضی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں سی ٹی ڈی افسران ملوث رہے ہیں۔

علاوہ ازیں، کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ڈیجیٹل ڈکیتی پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

آئی جی سندھ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی ڈیجیٹل کرنسی کی ہیر پھیر اور شہریوں کو اغوا کے حوالے سے رپورٹ تیار کرے گی، یہ کمیٹی ڈی آئی جی سی آئی اے کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔

کمیٹی ڈی ایس پی راجا عمر خطاب اور راجا فرخ کے کردار کا جائزہ لے گی جب کہ سی ٹی ڈی کی پولیس پارٹی کے چھاپوں کی تفصیلات حاصل کرے گی۔

بعد ازاں، تحقیقاتی کمیٹی رپورٹ فائنل کرکے آئی جی سندھ کو پیش کرے گی۔

karachi

Crypto Currency Robbery