کراچی: جرگے کے دوران فائرنگ کا مقدمہ درج، ایک شخص جاں بحق
گزشتہ روز کراچی کے علاقے قائد آباد میں جرگے کے دوران فائرنگ کا مقدمہ شاہ لطیف ٹاون تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے فائرنگ میں ملوث چار ملزمان لو اسپتال سے گرفتار کرلیا ہے، پولیس حکام کے مطابق مقدمہ قتل اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
واقعے کی درج ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ میں گھر پر موجود تھا کہ فائرنگ کی آواز آئی، گھر سے باہر نکلا تو لوگ ادھر ادھر بھاگ رہے تھے اور بیٹا وجاہت، رشتہ دار ساجد اور بھتیجا عمار زخمی حالت میں پڑے تھے، بیٹے کا دوست ذوالفقار بھی زخمی حالت میں پڑا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی کے بیٹے نے بتایا کہ ملک اعظم عرف پپی نے ساتھیوں سمیت فائرنگ کی، اعظم نے کہا بچوں کی لڑائی جھگڑے پر جرگہ ہمیں منظور نہیں، اعظم کے بیٹوں عصمت، عاصم اور ابرار سمیت 7 سے 8 افراد نے فائرنگ کی، تمام افراد کے پاس اسلحہ تھا جنہوں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔
متن کے مطابق اسپتال میں مدعی کے بیٹے کا دوست ذوالفقار دوران علاج دم توڑ گیا، بیٹے، بھتیجے اور دیگر کو جسم پر 3، 3 گولیاں لگیں، بیٹے وجاہت اور رشتہ دار ساجد کی حالت تشویشناک ہے، دونوں کو نجی اسپتال میں شفٹ کردیا ہے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ دو روز قبل دو برادری کے افراد کے درمیان ہونے والے جھگڑے پر جرگہ جاری تھا، ربانی برادری کے افراد پر مخالفین کی مبینہ طور پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ اور بھگڈر کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں فائرنگ کے بعد لوگوں کو گلی میں بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فائرنگ کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔