جس نے بھی ترسیلات زر کے بائیکاٹ کا مشورہ دیا اس میں سمجھ کی کمی ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی اپنے گھروں کو خرچے کے لیے پیسے بھیجتے ہیں، یہ پی ٹی آئی یا عمران خان کی فرمائش پر بند ہونا قطعی طور پر ناممکن ہے۔
وزیر دفاع نے ہفتے کو سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ پی ٹی آئی کے اندازے غلط ثابت ہوتے ہیں اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوتا ہے، اب کہہ رہے ہیں کہ دو تین مہینے بعد اس کے اثرات ظاہر ہوں گے، ان کا ہر حربہ ناکام ہوا ہے اور یہ نامراد رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہمیں بنی گالہ منتقلی کی آفر ہوئی ہے، یہ ان خواہشات ہیں ان میں ذرا برابر صداقت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے دور میں تباہی کرکے گئی تھی، کل اللہ نے کرم کیا اور پیرس کے لیے پی آئی اے کی فلائٹ چلی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں 19 شہروں کے لیے پروازیں شروع ہوں گی جبکہ ہمیں پوری امید ہے کہ برطانیہ سے بھی اجازت ملے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تخریبی سیاست کے باوجود معیشت سنبھل رہی ہے، اگر سیاسی استحکام آجائے اور امن قائم ہوجائے تو ہم خودکفیل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے سیالکوٹ کے کاروباری حلقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ انہوں نے اپنی کاروباری بصیرت سے ایئرپورٹ بنایا، اگر حکومت بناتی تو ہوسکتا ہے کہ 10 گنا زیادہ خرچہ آتا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ٹرمپ کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ہے، وہ باہر آئیں گے یا نہیں اس کے بارے میں پیش گوئی نہیں کرسکتا یہ عدالتوں کا کام ہے۔