الیکٹرک کیتلی استعمال کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھیں، ورنہ بڑا خطرہ ہوسکتا ہے
سردیوں میں الیکٹرک کیتلی کا استعمال بہت بڑھ جاتاہے اور پھر آئے دن بجلی کی بندش اور لوڈ شیڈنگ نے اس کی ڈیمانڈ اوراستعمال میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ کیونکہ یہ ایک برقی آلات ہے اس لیے اس کے استعمال میں چند حفاظتی اقدامات کرنےکی ضرورت ہوتی ہے۔
الیکٹرک کیتلی بہت زیادہ سہولت فراہم کرتی ہے۔ پانی گرم کرنا ہو یا انڈے، نوڈلز اور چائے جیسی ہلکی پھلکی چیزیں بنانا ہو، کنوارے حضرات ہوں یا بڑا خاندان ہو الیکٹرک کیتلی ہر گھر میں ہوتی ہے۔
سردیوں میں فریج سے متعلق ان باتوں کا ضرور خیال رکھیں
الیکٹرک کیتلی کو استعمال کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ اس لیے ہم شاید اس پر زیادہ توجہ نہیں دیتے ہیں۔ لیکن اس کے برقی ہونے کی وجہ سے اگر اسے احتیاط سے استعمال نہ کیا جائے تو کسی حادثہ کے رونما ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ الیکٹرک کیتلی کو استعمال کرتے وقت کن اہم باتوں کا خیال رکھا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ ر ہیں۔
اسٹین لیس اسٹیل کیتلی کا انتخاب کریں
اگر آپ نے ابتک الیکٹرک کیتلی نہیں خریدی ہے اور اسے خریدنے کا سوچ رہے ہیں تو ہمیشہ اسٹین لیس اسٹیل کی کیتلی کو ترجیح دیں۔آج کل پلاسٹک کی پانی کی کیتلی مشہور ہے لیکن حفاظت کے اعتبار سے اسٹیل کی کیتلیاں بہتر ہیں۔
اسٹین لیس اسٹیل نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اس میں ہر قسم کے درجہ حرارت کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس میں پانی گرم ہوتے وقت دھواں بننے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا ہے۔
پانے بھرنےکے بعد کیتلی کا آن کیا جائے
اکثر لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ پہلے الیکٹرک کیتلی کو آن کرتے ہیں اور پھر پانی ڈالتے ہیں۔ اگرآپ بھی ایسا کرتے ہیں تو یہ اچھی عادت نہیں ہے، اس سے نہ صرف یہ کہ کیتلی جلد خراب ہوسکتی ہے بلکہ اس میں شارٹ سرکٹ، جلنے یا کسی اور قسم کی خرابی کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ کیتلی کو کسی بھی صورت میں خشک اور گرم نہ چھوڑیں ۔ پہلے اسے پانی سے بھریں اور پھر پلگ آن کریں۔
کیتلی میں کتنا پانی بھرا جائے
بجلی کی کیتلی میں بہت زیادہ پانی بھرنا اچھی عادت نہیں ہے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ پانی کیتلی کے منہ سے تقریبا 3 سے 4 انچ نیچے رہنا چاہیے۔ درحقیقت جب آپ کیتلی میں بہت زیادہ پانی بھرتے ہیں تو ایسی صورت میں پانی ابلنے پر نکل بھی سکتا ہے۔ جس سے جلنے یا شارٹ سرکٹ کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔
استعمال کے بعد کیتلی کو مکمل طورپرخالی نہ چھوڑیں
عموما ہم کیتلی میں پانی یا کسی اور چیز کو ابالنے کے بعد اسے بالکل خالی چھوڑ دیتے ہیں۔ یہ عادت بھی خطرناک ہے۔ دراصل کیتلی کا پیندا استعمال کے فورا بعد مکمل گرم ہوجاتا ہے۔ ایسی حالت میں اسے مکمل خالی نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ ایسا کرنے سےکیتلی جلد خراب ہوسکتی ہے۔ خیال رکھیں کہ اس میں ہمیشہ تھوڑا سا پانی رہنے دیں تاکہ یہ آہستہ آہستہ ٹھنڈی ہوجائے۔