جے یو آئی نے وفاق کے بعد صوبوں میں بھی مدارس کی رجسٹریشن کا مسودہ تیار کرلیا
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے وفاق کے بعد صوبوں میں بھی مدارس کی رجسٹریشن کیلئے مسودہ تیار کرلیا ہے۔ مذکورہ ایکٹ ”صوبہ سوسائٹی رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ 2025“ کہلائے گا۔
مجوزہ مسودے کے مطابق مدارس رجسٹرڈ نہیں ہیں تو ایکٹ کے تحت 6 ماہ میں رجسٹرڈ ہوسکتے ہیں۔
مجوزے کے متن کے مطابق جو مدارس پہلے وفاق سے رجسٹرڈ ہیں ان کو رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جو مدارس رجسٹرڈ نہیں وہ وزارت تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
مجوزہ مسودے میں کہا گیا کہ دینی مدرسے کے ایک سے زیادہ کیمپس ہونے پر ایک ہی رجسٹریشن ہوگی۔
متن کے مطابق دینی مدرسہ آڈٹ رپورٹ جمع کرائے گا، کوئی بھی دینی مدرسہ ایسا لٹریچر نہیں پڑھائے گا جو عسکریت پسندی کو فروغ دیتا ہو، کوئی دینی مدارس فرقہ واریت یا مذہبی منافرت نہیں پھیلائے گا۔
اس معاملے پر مولانا فضل الرحمان وزیر اعظم سے پہلے ہی رابطہ کر چکے ہیں، وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو مدارس کی رجسٹریشن پر ہر ممکن یقین دہانی کرائی تھی۔