حسینہ واجد کے بعد خالدہ ضیا نے بھی بنگلہ دیش چھوڑ دیا، قطری ایئر ایمبولینس پر روانگی
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء علاج کے لیے منگل کی شب لندن روانہ ہوگئیں۔
حسینہ واجد پہلے بنگلہ دیش چھوڑ چکی ہیں اور اب دونوں سابق وزرائے اعظم بنگلہ دیش سے باہر ہیں۔خالدہ ضیا کو لے جانے کیلئے قطر نے طیارہ بھیجا۔
بنگلہ دیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق خالدہ ضیاء کے ذاتی معالج زاہد حسین نے بتایا کہ امیر قطر نے 79 سالہ سابق وزیراعظم کو علاج کی غرض سے لے جانے کے لیے طبی آلات سمیت قطر ائیرلائن کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی ائیر ایمبولنس کا انتظام کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خالدہ ضیا کے قریبی ساتھی انعام الحق چودھری نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ضیاء کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے لندن پہنچایا گیا ہے۔
خالدہ ضیاء کے ڈاکٹر کے مطابق سابق بنگلادیشی وزیر اعظم کو صحت کے کئی سنگین مسائل درپیش ہیں، جن میں جگر کی بیماری، دل کے مسائل اور گردے کے مسائل شامل ہیں۔
بھارت فرار حسینہ واجد کے خلاف ایک اور وارنٹ گرفتاری جاری
ان کی واپسی کی تاریخ ابھی طے نہیں اور علاج کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق بنگلادیشی وزیر اعظم خالدہ ضیا کو شیخ حسینہ کے دور حکومت میں کرپشن کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ الزامات 2001 سے 2006 تک ان کے وزیر اعظم کے زمانے سے متعلق تھے۔
بنگلہ دیش نے درسی کتب بدل دیں، آزادی کا سہرا مجیب سے چھن گیا
یاد رہے کہ خالدہ ضیا کو اس وقت کی وزیراعظم حسینہ واجد جو ان دنوں مفرور ہوکر بھارت میں پناہ گزین ہیں 2018 میں بدعنوانی کے الزام میں قید کیا گیا تھا لیکن اگست میں طلبہ انقلاب کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ حکمرانی کے خاتمے کے چند گھنٹوں بعد ان کو رہا کردیا گیا تھا۔