1970 کی مشہور بالی ووڈ فلم جس نے چین میں بار بار ریلیز ہوکر تہلکہ مچایا
بھارتی فلم انڈسٹری اپنی متنوع کہانیوں، شاندار سیٹس اور دلکش گانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ چاہے وہ بالی ووڈ ہو یا جنوبی بھارت کی فلمیں، ان کا اثر ہر ملک میں محسوس کیا جاتا ہے۔ کئی دہائیوں سے بھارتی فلمیں دنیا کے مختلف ممالک میں شائقین کو محظوظ کر رہی ہیں، اور اب چین بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں بھارتی فلموں کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں ”دنگل“، ”آر آر آر“ اور ”سیکرٹ سپر اسٹار“ جیسی فلموں نے چین میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی، لیکن ایک فلم ایسی ہے جو آج بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہ 1971 میں ریلیز ہونے والی کم بجٹ کی کرائم تھرلر فلم ”کاروان“ ہے، جس میں جیتندر اور آشا پاریکھ نے مرکزی کردار ادا کیے۔
بھارت میں ابتدائی طور پر فلم نے مناسب کامیابی حاصل کی، لیکن 8 سال بعد چین میں ریلیز ہونے کے بعد یہ فلم ایک تاریخی کامیابی میں بدل گئی۔
چین میں ”کارواں“ نے غیر متوقع طور پر 300 ملین شائقین کو سینما گھروں کی طرف راغب کیا۔ یہ تعداد آج تک کسی بھی ہندوستانی فلم کے لیے ریکارڈ ہے۔ فلم نے چین میں 8.8 کروڑ روپے کے ٹکٹ فروخت کیے، جو اُس وقت کسی غیر ملکی فلم کے لیے حیران کن تھے۔
اس کی مقبولیت اس حد تک بڑھی کہ فلم کو کئی بار چین میں دوبارہ ریلیز کیا گیا، اور ہر بار شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل سامنے آیا۔
”کارواں“ کے گانے، خاص طور پر ”پیا تو اب تو آجا“ اور ”چڑھتی جوانی میری چال مستانی“، اپنی ریلیز کے وقت ہی سپر ہٹ ہو گئے تھے۔ ان گانوں کی دھنیں اور رقص آج بھی کلاسک کا درجہ رکھتے ہیں اور شائقین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائے ہوئے ہیں۔
فلم ”کارواں“ نے نہ صرف چین میں غیر ملکی فلموں کے لیے ایک نیا معیار قائم کیا بلکہ سوویت یونین میں بھی ”آوارہ“ جیسی کامیاب بھارتی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ چین میں اس فلم نے نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا میں بھارتی فلموں کی مقبولیت کا ایک نیا معیار قائم کیا۔
اگر حالیہ فلموں کی بات کی جائے تو عامر خان کی ”دنگل“ نے چین سے 238 ملین ڈالر کمائے اور 43.1 ملین ٹکٹ فروخت کیے، جو شاندار ہیں لیکن ”کارواں“ کے ریکارڈ سے کافی پیچھے ہیں۔ اسی طرح، ”آر آر آر“ اور ”پشپا 2“ نے امریکا اور جاپان میں مقبولیت حاصل کی، لیکن شائقین کی تعداد کے لحاظ سے وہ بھی ”کارواں“ کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے۔
بھارتی فلم انڈسٹری نے ہمیشہ اپنی ورسٹائل کہانیوں اور بے مثال پروڈکشن سے دنیا بھر کے ناظرین کو محظوظ کیا ہے۔ ”کارواں“ کی کامیابی نہ صرف بھارتی سینما کے لیے ایک سنگ میل تھی بلکہ یہ ایک یاد دہانی بھی ہے کہ اچھی کہانیاں سرحدوں سے بالاتر ہو کر دلوں پر حکمرانی کرتی ہیں۔