ضلع کرم کی مرکزی شاہراہ کھلی نہ قافلے روانہ ہوسکے، امدادی سامان کے 80 ٹرک کھڑے رہ گئے
ضلع کُرم میں امن معاہدہ کے باوجود مرکزی شاہراہ کھلی نہ قافلے روانہ ہوسکے جس کے باعث امدادی سامان کے 80 ٹرک کھڑے رہ گئے۔
مرکزی شاہراہ پر صبح 6 سے شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، کے پی حکومت کی جانب سے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئیں۔
پولیس کی جانب سے انجمن تحفظ دکاندارن صدہ کے صدر محمد ارشاد کو گرفتار کر لیا گیا، انہیں بازار بند کرنے اور کرفیو کی خلاف ورزی پر پکڑا گیا۔
محمد ارشاد مندوری میں دھرنے میں شرکت کے لئے جا رہے تھے، صدر کی گرفتاری پر دکانداروں نے بھرپور احتجاج کیا، دکانداروں نے تجارتی مراکز اور دکانیں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
ضلع کرم میں 2 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری
خیبر پختنونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ضلع کرم کی مین شاہراہ پر سیکیورٹی مزید سخت کی جارہی ہے، راستے کو محفوظ بنا کر ٹرکوں کے قافلے کو جلد روانہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ یکم فروری تک بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، کرم کے عوام سے امن کی فضا قائم کرنے کے لئے انتظامیہ کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔