Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
07 Rajab 1446  

لکی مروت میں پولیس پر فائرنگ، دو اہلکار شہید

پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو مار دیا
شائع 06 جنوری 2025 07:58pm

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ماردیا۔

پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکار ڈیوٹی کے لئے جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کردی گئی۔ دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پرتعینات اور موٹر سائیکل پر ڈاک لینے تھانوں میں جا رہے تھے۔

ڈی پی او لکی مروت کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

علاوہ ازیں لکی مروت میں پولیس پر حملے کے بعد فرار ہونے والے شدت پسندوں کو تعاقب کرتے ہوئے پولیس نے مقامی لوگوں کے ساتھ ملکر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

دوسری جانب شدت پسندوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس لائن لکی مروت میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں آرپی او بنوں عمران شاہد، ڈی پی او لکی مروت جواد اسحاق، ڈپٹی کمشنر لکی مروت ذیشان عبداللہ سمیت دیگر پولیس افسران و جوانوں سمیت کثیر تعداد میں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو آخری سلامی پیش کی، پولیس اہلکار حکمت اللہ خان اور خان بہادر ڈیوٹی پرجاتے ہوئے دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے۔

دو جوانوں کی شہادت کے بعد پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا، پولیس کے ساتھ خیروخیل پکہ اور پہاڑ خیل پکہ کے عوام کا مشترکہ لشکر چغہ پارٹی بھی شامل تھا۔ مشترکہ آپریشن کے دوران ہارون نامی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے قریب پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ادھر لکی مروت منجیوالا لنک روڈ پر بینک کی گاڑی پر حملے میں نجی سیکیورٹی کمپنی کا اہلکار جاں بحق جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس نے جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا۔

Lakki Marwat

KPK Police