کرم میں ڈپٹی کمشنر پر حملے کا مقدمہ درج، نامزد دہشت گردوں کی گرفتاری کا فیصلہ
ضلع کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر جاوید محسود پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ کوہاٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کرم فائرنگ کے مقدمے میں نامزد دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، دوسری طرف ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والے اہم شرپسند کو گرفتارکر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر پر حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کرم میں درج کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صدہ سے بگن کی جانب آتے وقت بگن کے مقام پر ڈی سی پر حملہ ہوا۔
مقدمے میں پانچ معلوم سمیت 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں ڈپٹی کمشنر کرم اور 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
بگن فائرنگ امن معاہدے کی خلاف ورزی، صوبائی حکومت فوری سڑکیں کھولے، قبائلی عمائدین
دوسری جانب کوہاٹ میں چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرم واقعے میں ملوث ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور امن خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کرم فائرنگ میں نامزد دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے گا، سہولت کاروں کی بھی نشاندہی کرکے شامل مقدمہ کیا جائے گا اورکرم میں جاری کشیدگی میں ملوث عناصرکونہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع کرم میں دفعہ144 کے تحت 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحےکی نمائش پر بھی 2 ماہ کے لیے پابندی ہوگی۔
اشفاق خان کو نیا ڈی سی کرم تعینات کردیا گیا، پاراچنار ٹل مین شاہراہ آج بھی ہر قسم کی آمد و رفت بند ہے، ضلع کرم کے لیے ضروری سامان پر مشتمل گاڑیوں کا قافلہ اب تک روانہ نہیں ہوسکا۔
قافلے میں شامل گاڑیوں میں سبزیاں، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ موجود ہیں، پارا چنار سمیت کرم کے کئی علاقے بدستور خوراک اور ادویات کی قلت کا شکار ہیں۔
کرم میں امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، بیرسٹر سیف
آئی خیبرپختونخوا کی زیر صدارت بگن واقعے پر اہم سکیورٹی اجلاس میں بڑے فیصلے
خیال رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت سات افراد زخمی ہوگئے تھے، کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا۔
حکومت کو موصول ابتدائی رپورٹ کے مطابق مذاکراتی عمل کے دوران شرپسندوں نے ڈی سی اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی، بیرسٹر سیف نے کہا کرم امن معاہدہ برقرار ہے، مقامی لوگوں کے ملوث ہونے پر حتمی طور پر ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
دوسری جانب ڈی سی کرم پر فائرنگ کے واقعہ میں پولیس کو اہم کامیابی ملی ہے، فائرنگ کے واقعہ میں ملوث اہم شرپسند کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق شر پسند کو کریک ڈائون کے دوران کرم سے گرفتار کیا گیا، شرپسند فائرنگ سے متعلق ایف آئی آر میں بھی نامزد ہے۔
کرم بگن کے مقام پر ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کرنے والا اہم شرپسند رحمان کو کریک ڈائون کے دوران پکڑا گیا، گرفتار ملزم ڈی سی پر فائرنگ سے متعلق ایف آئی آر میں بھی نامزد ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق زیر حراست دہشت گرد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رہے گا۔