Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

وزیراعظم کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات، تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی
اپ ڈیٹ 05 جنوری 2025 09:15pm

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے رحیم یارخان میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور اوروزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر گفتگو کی جبکہ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی، انہوں نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

وزیراعظم کا یو اے ای کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، جلد ملاقات پر اتفاق

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔

اعلامیے کے مطابق محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا اور عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر عزت مآب شیخ زید محمد بن النہیان کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات کا اختتام پر دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔

قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات سے قبل گاڑی میں دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظر آئے۔

رحیم یار خان میں صدر یو اے ای شیخ بن زاید النہیان نے خود گاڑی چلائی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ان کے ساتھ تھے، گاڑی میں کافی دیر تک دونوں رہنماؤں کی غیررسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔

وزیرِاعظم نے صدر متحدہ عرب امارات کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہا جبکہ غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظرآئے۔

UAE

اسلام آباد

UNITED ARAB EMIRATES

Mohammed bin Zayed al Nahyan

PM Shehbaz Sharif

UAE president