عمران اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنانے کی ایک اور نئی تاریخ دے دی گئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ اب 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
عدالتی عملے کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں، اس لئے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے عدالتی عملے نے نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف اور پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر چھ جنوری کو سنایا جانے والا فیصلہ مؤخر کئے جانے کو پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ 18 دسمبر کو عدالت نے محفوظ کیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اتوار کو سنانا تھا۔
پہلے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے 6 جنوری مقرر کی تھی۔
ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل کی گئی ہے۔
کیس کا پس منظر
نیب نے 13 نومبر 2023 کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی تھی اور 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی تھی۔
بعدازاں یکم دسمبر 2023ء کو نیب نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا تھا، ریفرنس فائل ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی گئی تھی۔
عدالت نے 27 فروری 2024ء کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی تھی۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں، نیب نے پہلے 59 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی تھی۔
اس ریفرنس میں کُل 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، وکلاء صفائی نے تمام 35 گواہان پر جرح مکمل کی۔