ریٹائرمنٹ کی خبروں پر روہت شرما کا رد عمل بھی سامنے آ گیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہورہے بلکہ آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں حصہ نہیں لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ سڈنی ٹیسٹ سے باہر رہنے کے فیصلے کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں سمجھا جانا چاہئے، مائیک، قلم یا لیپ ٹاپ رکھنے والے یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ کسی کھلاڑی کو کب ریٹائر ہونا چاہئے۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگ یہ فیصلہ نہیں کرسکتے کہ مجھے کب باہر بیٹھنا چاہئے، کب کپتانی کرنی چاہئے، میں ایک سمجھدار انسان ہوں، بالغ ہوں اور دو بچوں کا باپ ہوں۔ تو میں جانتا ہوں کہ کب کیا فیصلہ کرنا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ ہارنے کے بعد روہت شرما پر بھارت میں شدید تنقید کی جارہی تھی کیوں کہ اس شکست کے بعد بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔
گوتم گھمبیر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما سے متعلق بیان دینے سے کترانے لگے
انٹرویو کے دوران اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے جواب میں روہت شرما کا کہنا تھا کہ میچ سے باہر بیٹھنے کے فیصلے کا مطلب ریٹائرمنٹ نہیں ہے اور نہ ہی میں خود کو کرکٹ سے باہر رکھوں گا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ’بارڈر گواسکر ٹرافی‘ کے 5 میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔بھارتی کپتان اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی بدلے جسپریت بمرا نے ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنزسے شکست دی تھی۔تاہم بقیہ تینوں میچوں میں روہت شرما نے ٹیم کی قیادت کی جس میں دو میں بھارت کو شکست اور ایک میچ بارش کی مداخلت کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
بھارتی ٹیم میں بھی کپتانی کے خواہشمندوں کی لائن لگ گئی
مسلسل تنقید کی زد میں رہنے والے بھارتی کپتان روہت شرما نے بڑا فیصلہ کرلیا
اس دوران بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے 3 میچوں کی 6 اننگز میں محض 31 رنز ہی بناسکے جو جسپریت بمرا کی جانب سے حاصل کی گئی (30) وکٹوں سے محض ایک نمبر زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ روہت شرما بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ میچوں میں 12 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی مدد سے 4 ہزار 301 رنز بنا چکے ہیں۔