Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

اسکالر شپ پر فرانس جانے والے پی ایچ ڈی اسکالر کی بطور ضامن جمع کرائی گئی گارنٹی جعلی نکل آئی

عدالت نے ایچ ای سی کو ضامن سے ریکوری کرنے سے روک دیا
شائع 04 جنوری 2025 05:41pm

اسکالر شپ پر فرانس جانے والے پی ایچ ڈی اسکالر عمران تاج کی بطور ضامن جمع کرائی گئی گارنٹی جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے بنائے گئے ضامن سے اڑھائی کروڑ روپے ریکور کرنے سے روک دیا ہے، ضامن عبدالوحید کے خلاف 85 ہزار 406 یورو اور 76 ہزار 386 روپے کی ریکوری کے لیے ڈگری ہونے والا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں سول جج ویسٹ اسلام آباد کا ایچ ای سی کے حق میں ڈگری کیا گیا ریکوری سُوٹ کالعدم قرار دیا گیا۔

عدالت نے ایچ ای سی کو اپنی اسکالرشپ پالیسی میں اصلاحات لانے کی ہدایت کرتے ہوئے گائیڈ لائنز بھی جاری کر دیں۔

انٹرنیٹ بندش سے پاکستان مالی نقصانات کے لحاظ سے دنیا میں سرفہرست

عدالتی فیصلے کے مطابق عمران تاج نے پی ایچ ڈی کے لیے 2 جون 2005 کو اوورسیز اسکالر شپ میں اپلائی کیا، 26 دسمبر 2005 کو عمران تاج کا ایچ ای سی سے ایگریمنٹ ہوا، عمران تاج نے گارنٹی جمع کرائی کہ اسکالر شپ مکمل ہونے کے بعد چار سال پاکستان میں خدمات سرانجام دے گا، لیکن عمران تاج اسکالر شپ مکمل کرنے کے بعد ایگریمنٹ کے مطابق فرانس سے پاکستان واپس نہیں آیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق ضامن کے طور پر عبدالوحید نامی شخص کی پراپرٹی کے ڈاکومنٹس جمع کرائے گئے جس نے گارنٹی دستاویزات کو جعلی قرار دیا، عبدالوحید نے ضامن کے طور پر جمع کرائی گئی دستاویزات کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ اس نے دستخط نہیں کیے، ایف آئی اے اتھارٹیز کو دستخطوں کے معائنے اور موازنے کا کہا گیا جس نے 14 ستمبر 2023 کو رپورٹ پیش کی۔

کراچی کے طلبا کو کوٹہ سسٹم میں پیسا جا رہا ہے، فاروق ستار کی حکومت سندھ پر تنقید

فیصلے میں کہا گیا کہ ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق عبدالوحید اور اس کی طرف سے بطور ضامن جمع کرائی گئی دستاویزات میں فرق ہے، ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق دونوں دستخطوں میں سپیڈ، روانی، پین پریشر اور ہچکچاہٹ کا فرق پایا گیا۔

فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے اپیل کنندہ کے انکار کے باوجود دستاویزات پر موجود دستخطوں کی تصدیق کرانے کی کوشش نہیں کی، عمران تاج نے ایچ ای سی کو جعلی ڈاکومنٹس جمع کرائے جس نے ایسے فراڈ سے بچنے کے لیے ان کی تصدیق نہیں کرائی۔

ثانوی تعلیم بورڈ نے اپنی نااہلی کا بوجھ ایک مرتبہ پھر طلبہ پر ڈال دیا

عدالت نے کہا کہ ایچ ای سی کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ اپیل کنندہ سے بطور ضامن ریکوری کرے، ایچ ای سی فرانس جانے والے پی ایچ ڈی اسکالر اور متعلقہ آفیشلز کے خلاف کریمنل پراسیکیوشن کر سکتی ہے، ساتھ ہی اسکالر شپ حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کا سہارا لینے والے عمران تاج کے خلاف مقدمہ درج کرا سکتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کو ایسے نقصان سے بچانے کے لیے مستقبل میں ان گائیڈ لائنز پر عمل کیا جا سکتا ہے، اسکالر شپ کے لیے گارنٹی کو متعلقہ ڈسٹرکٹ کے سب رجسٹرار کے پاس رجسٹر کرایا جائے، شفافیت اور تصدیق کے عمل میں آسانی کیلئے گارنٹی ایگریمنٹ پر ضامن اور گواہوں کی تصاویر شامل کی جائیں، ایچ ای سی اسکالر شپ حاصل کرنے والے اسکالرز کی تعلیم پر اٹھنے والے اخراجات کا مکمل ریکارڈ رکھے، ایسے تنازعات کے حل کے لیے ڈسپیوٹ ریزولوشن یونٹ قائم کیا جائے جو عدالت آنے سے قبل یہ معاملات دیکھے۔

HEC

Imran Taj

Ph.D Scholar

Fake Guarantee