کیا آپ سردیوں میں پیٹرولیم جیلی کے فوائد سے واقف ہیں؟
پیٹرولیم جیلی اور ویسلین کے استعمال کرنے کے چند بہترین طریقے ایسے ہیں آپ سردیوں میں جلد کے مسئلوں سے بچ پائیں گے۔
سردیوں میں پیٹرولیم جیلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ لیکن کئی لوگوں نے اسے اپنی اسکن کیئر روٹین سےخارج کردیا ہے۔ دراصل پٹرولیم جیلی بہت چپچپی اور چکنی ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے جلد پر دھبے، دھول چپکنے اور خارش کا خدشہ رہتا ہے۔
کیا آپ کے گھریلو مسئلے کا حل ویسلین ہوسکتا ہے؟
لیکن اگر پیٹرولیم جیلی کا استعمال سمجھداری سے کیا جائے تو یہ نہ صرف جلد کو نرم وملائم بناتی ہے بلکہ اسے بیرون اثرات سے بچانے میں بھی مدد دیتی ہے۔ پیٹرولیم جیلی کے فوائد میں خشک اور پھٹی ہوئی جلد کو سکون دینے کی صلاحیت شامل ہے، خاص طور پر سرد موسم میں۔
آئیے جانتے ہیں ویسلین پیٹرولیم جیلی کے استعمال کے وہ کون سے طریقے ہیں جو آپ کی جلد کی دیکھ بھال کے معمولات اور خوبصورتی کو بڑھانے میں مددگار ہوں گے نیز ہماری روزمرہ زندگی میں ویسلین کس طرح ہمارے کام آسکتی ہے؟
گھٹنوں اور کہنیوں کی جلد نرم بنائیں
سردیوں میں جلد بہت خشک اور بے جان ہو جاتی ہیں۔ اگر آپ ان پر ویسلین کی ایک تہہ لگائیں گے تو یہ آپ کی کہنیوں اور گھٹنوں کی جلد کو نمی بخشے گی اور خشکی کو دور کردے گی۔
آنکھوں کے حلقوں کے لیے بہترین ہے
آنکھوں کے ارد گرد جلد پر تیل کے غدود نہ ہونے کی وجہ سے وہاں جھریاں اور لکیریں جلد نمودار ہونے لگتی ہیں۔ رات کو سونے سے پہلے اسکن کیئر روٹین پرعمل کرنے کے بعد آنکھوں کے ارد گرد ویسلین کی ایک تہہ لگالی جائے اور صبح اٹھنے کے بعد اسے صاف کرلیں تو جلد نام اور ہائیڈریٹ رہے گی اور جھریوں کو دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
چہرے، ہاتھوں اور پاؤں کو نمی بخشتی ہے
نہانے کے بعد پیٹرولیم جیلی کو جسم پر لگائیں۔ یہ ایک موئسچرائزرکا کام دے گی اور جلد کو خشک ہونے سےبچائے گی۔آپ اسے سردی یا الرجی کے موسم میں خشک ناک کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
پھٹی ایڑیاں
ایک بڑے برتن میں گرم پانی ڈال دیں اور اس میں تھوڑا سا نمک شامل کردیں۔ اب اس گرم پانی میں اپنے پیروں کو بھگو دیں۔
پندرہ سے بیس منٹ بعد پیروں کو تولیہ سے اچھی طرح خشک کریں اور پیٹرولیم جیلی لگائیں اور کاٹن کی جرابیں پہن لیں۔ پھٹی ایڑیوں سے نجات پانے کا آسان طریقہ ہے۔
پھٹے ہوئے ہونٹ
پھٹے ہوئے ہونٹوں پر پیٹرولیم اسی طرح لگائیں جیسے آپ کسی چپسٹک یا لپ اسٹک کو لگاتے ہیں۔ خشک جلد والی خواتین کوسردیوں میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کاسمیٹک کے طور پرپیٹرولیم جیلی کا استعمال ایسی جلد کو نمی بخشتا اورعلاج کرتا ہے۔
خشک اور بے جان بال
سردیوں میں جہاں سورج اور ہوا آپ کے بالوں کو خشک، روکھا اور بے جان کر سکتی ہے وہیں پیٹرولیم جیلی آپ کے بالوں کو چمکدار بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ بس اپنی ہتھیلیوں میں کچھ پیٹرولیم جیلی رگڑیں اور بالوں کے سروں پر لگالیں۔
جوتوں کی چمک کے لیے
اگر گھر میں جوتوں کی پالش ختم ہوگئی ہو تو انہیں چمکانے کے لیے ان پر ویسلین کو رگڑ لیں۔
جوتے یا سینڈل سے چھالے پڑ جائیں تو ویسلین لگالیں
اکثر نئے جوتے یا سینڈل پاوں سےرگڑ کھاتے ہیں جس کی وجہ سے پاوں میں چھالے پڑ جاتے ہیں۔ اس لیے انہیں پہننے سے پہلے پاوں میں ویسلین لگالیں۔ یہ جلد کو رگڑنے سے بچائے گا۔
زیورات سے ہونے والے ریشز سے بچائے گا
اگرمصوعی زیورا ت پہننے کے بعد خارش ہوجائے تو انہیں پہننے سے پہلے ویسلین لگائی جائےتو یہ جلد پر رکاوٹ کا کام کرے گا اور دانوں سے بچائے گا۔
کپڑوں سے میک اپ کے داغ ہٹا نے کے لیے
اگر بیڈ شیٹ، کمبل یا تکیے پر میک اپ کا داغ لگ جائے تواسے ویسلین سے صاف کرلیں اور پھر دھولیں اس سے میک اپ کے داغ چھٹ جائیں گے۔
پرفیوم لگانے سے پہلے ویسلین لگائیں
جسم کے مخصوص حصوں پر پرفیوم لگانے سے پہلے ویسلین لگائیں اور پھر پرفیوم چھڑکیں۔ اس سے پرفیوم کی خوشبو دیر تک آتی رہے گی۔
ڈائی کے کلر سے بچائے گا
گھر میں بالوں کو رنگتے وقت یہ اکثر پیشانی، ہاتھوں یا کانوں کے گرد لگ جاتا ہے۔ اگر آپ اس ڈائی کوجلد پر لگ جانے سے بچانا چاتے ہیں تو پیشانی اور کانوں کے ارد گرد ویسلین لگا لیں۔ اسے اپنے ہاتھوں پر بھی لگائیں۔ اس سے ڈائی کا رنگ صرف بالوں پر رہے گا اور اسے باقی جگہوں سے ہٹانا آسان ہوجائے گا۔