بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہ جانے پر شین واٹسن بھی بول پڑے
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہ جانے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کر رہا۔
سابق کرکٹر شین واٹسن نے ان خیالات کا اظہار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران کیا۔
شین واٹسن نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جا رہی، چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک خاص لمحہ ہے، پاکستان میں کرکٹ فینز کے لیے بھی یہ بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک بھارت میچ ہر کوئی دیکھنا پسند کرتا ہے، پاکستان بھارت ٹیموں کا جب بھی مقابلہ ہو تو یہ ایک خاص وقت ہوتا ہے، بطور آسٹریلوی کرکٹر میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ ہمارے لیے کتنا بڑا حریف ہے، پاکستان بھارت بھی اسی طرح بڑے حریف ہیں، کوئی بھی کرکٹ فین یہ میچ مس کرنا نہیں چاہتا۔
چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم میں پرانے کھلاڑیوں کی واپسی، نام سامنے آگئے
چیمپئنز ٹرافی: یونس خان نے پاکستان کے فائنل کھیلنے سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کہا کہ مجھے 2019 میں پاکستان سپر لیگ پاکستان میں کھیلنے کا موقع ملا، پاکستان جانا اور پھر وہاں کھیلنا میرے لیے ایک خاص بات تھی، پاکستان کے فینز براہ راست ورلڈ کلاس کرکٹ دیکھنے سے محروم رہے ہیں۔
واٹسن نے مزید کہا کہ آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں ہونا ان کے لیے بہت اچھا ہے، فینز اپنی آنکھوں کے سامنے دنیا کے بڑے اسٹارز کو ایکشن میں دیکھیں گے اور یقینی طور پر یہ پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے خاص لمحہ ہوگا۔