Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

خیبر پختونخوا میں 2023 کے مقابلے 2024 میں وائرل بیماریوں کے کیسز میں کئی گنا اضافے کا انکشاف

آج نیوز نے اینٹی گریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس سسٹم خیبرپختونخوا کی رپورٹ حاصل کرلی
شائع 02 جنوری 2025 02:24pm

خیبر پختونخوا میں 2023 کے مقابلے 2024 میں خناق، خسرہ، ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں کئی گنا اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

آج نیوز نے اینٹی گریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس سسٹم خیبرپختونخوا کی رپورٹ حاصل کرلی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2023 کے مقابلے 2024 میں متعدد بیماریوں میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2024 کے دوران خناق کے کیسز میں 182 فیصد اضافہ ہوا، 2023 میں خناق کے 337 کیسز اور 2024 میں 952 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران صوبے میں ڈینگی کے کیسز میں 176 فیصد اضافہ ہوا، 2023 میں ڈینگی کے 1980 اور سال 2024 میں 5477 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سال 2024 میں خسرے کے کیسز میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 2023 میں خسرے کے 10 ہزار 871 اور 2024 میں 15 ہزار 621 کیسز سامنے آئے۔

محکمہ صحت کے مطابق سال 2024 میں ملیریا کے کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا، 2023 میں ملیریا کے 2 لاکھ 39 ہزار 902 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، سال 2024 میں ملیریا کے 2 لاکھ 71 ہزار 344 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سال 2024 میں ٹائفائیڈ کے کیسز میں 32 فیصد، نمونیا کے کیسز میں 21 فیصد کمی آئی۔

مشیر صحت احتشام علی کے مطابق خسرہ اور خناق کے کیسز میں اضافہ ویکسین کی قلت کی وجہ سے ہوا، ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں اضافہ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے ہوا۔

احتشام علی نے کہا کہ سال کے ابتدائی مہینوں میں ویکسین کی کمی آئی تھی لیکن پھر اس پر قابو پا لیاگیا تھا۔

KPK

Viral Diseases