Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

ممتاز زہرا بلوچ فرانس میں سفیر تعینات، آئندہ نئے ترجمان دفتر خارجہ بریفنگ دیں گے، اسحاق ڈار

2024 پاکستان کے لیے اہم ترین سال تھا، اسحاق ڈار
شائع 02 جنوری 2025 12:00pm

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ممتاز زہرا بلوچ کو فرانس میں سفیر متعین کردیا گیا ہے، آئندہ ہفتے سے دفتر خارجہ کے نئے ترجمان بریفنگ دیا کریں گے۔ اسحاق ڈار نے نئے ترجمان کا نام نہیں بتایا۔

تاہم، گزشتہ روز آج نیوز نے خبر دی تھی کہ سینئیر سفارت کار شفقت علی خان کو نیا ترجمان دفتر خارجہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

اسحاق ڈار نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم معاشی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024 پاکستان کے لیے اہم ترین سال تھا، گزشتہ سال اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی سفارتی تنہائی کا بے پناہ پروپیگنڈا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اڑان پاکستان کا روڈ میپ قوم سے شئیرکیا ہے، مہنگائی کی شرح 5 فیصد اور شرح سود 13 فیصد پر آچکی ہے، مہنگائی کی شرح میں مزید کمی آئی گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر مکمل متحرک ہے، ڈی جی گروتھ میں مثبت اشاریے سامنے آئے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا، بجلی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے، گزشتہ سال کی نسبت روپے کی قدر میں استحکام آیا، زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی سفارتی تنہائی کا تاثر ہوا میں اڑ چکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دنیا بھر غزہ کا مقدمہ اچھے انداز میں پیش کیا، پاور سیکٹر میں اصلاحات کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔

Ishaq Dar

Mumtaz Zahra Baloch