Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

سالِ نو کا شاندار آغاز، اسٹاک ایکسچینج نے نیا سنگِ میل عبور کرلیا

کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی
شائع 02 جنوری 2025 11:18am

سال نو کے شاندار آغاز کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا رجحان ہے، جس کے سبب انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

سالِ نو کا آغاز ہوتے ہی اسٹاک ایکسچینج میں نئی تیزی دیکھی گئی ہے۔ گزشتہ روز بھی سرمایہ کاروں کے مارکیٹ پر اعتماد کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر گیا تھا، جس کے بعد آج دوسرے روز بھی مارکیٹ پر تیزی کا رجحان غالب ہے۔

جمعرات کو بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز 344 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا، جس سے انڈیکس 117352 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا۔

بعد ازاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو عبور کرکے 1 لاکھ 18 ہزار 300 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔

2024 میں کیا ہوا؟

خیال رہے کہ سال 2024 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 84 فیصد اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال 100 انڈیکس میں 52 ہزار 675 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور رواں سال کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 126 کی سطح پر رہا۔

سال 2024 میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 17 ہزار 39 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 59 ہزار 191 پوائنٹس رہی۔

گزشتہ سال بازار میں 139 ارب شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ شیئرز بازار میں 2024 کے کاروبار کی مالیت 5 ہزار 464 ارب روپے رہی۔

سال 2024 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5 ہزار 432 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار 495 ارب روپے رہا۔

100 index

Pakistan Stock Exchange (PSX)

PSX 2025

PSX 2024