معاہدہ طے پانے کے بعد کراچی میں دھرنے ختم، سڑکیں کھل گئیں، کرم میں دھرنا جاری رکھنے کا اعلان
کرم کی صورت حال پر معاہدہ طے ہونے کے بعد مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان ہوگیا ہے، جس کے بعد کراچی کے مختلف مقامات پر جاری دھرنے بھی ختم کردئے گئے ہیں اور سڑکیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔ لیکن کرم کی مین شاہراہ تاحال بند ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، ابو الحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے راستے بھی کھول دئے گئے ہیں۔
کامران چورنگی سے موسمیات آنے جانے والے روڈ پر ٹریفک رواں دواں ہے، واٹر پمپ سے انچولی جانے والا روڈ بھہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سہراب گوٹھ سے واٹر پمپ جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔
لیکن بیشتر مقامات پر اہل سنت والجماعت کے دھرنے جاری ہیں۔
جب تک کرم روڈ محفوظ نہیں بن جاتا تب تک دھرنا جاری رہے گا، مزمل حسین
کامیاب مذاکرات کے باوجود کرم میں سڑکیں 87ویں روز بھی بند ہیں، راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ مکمل ختم ہوچکا ہے اور عوام فاقوں پر مجبور ہے۔ کاروباری مراکز، ہوٹلز، ریسٹورنٹ اور اے ٹی ایم مشینز بھی بند ہیں۔
کرم میں ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے، کینسر، شوگر، بلڈ پریشر اور دل سمیت دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سول سوسائٹی کے مطابق معیاری علاج نہ ملنے کی وجہ سے اب تک 132 بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کا ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا مشکل ہے، موبائل سروس بند ہونے کے نتیجے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہے۔
کرم میں طول راستوں کی بندش اور بدامنی کے خلاف ضلع کے چار مقامات پر دھرنا جاری ہے، کرم پریس کلب کے سامنے مرکزی دھرنے میں ہزاروں افراد شریک ہیں، شدید سردی اور بارش باوجود دھرنے میں چھوٹے، بڑے، جوان سمیت ہر شعبے سے وابستہ افراد شامل ہیں۔
تحصیل چیئرمین مزمل حسین کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے مشران نے جو فیصلہ کیا وہ قابل تحسین ہے، خدا کریں کرم امن کا گہوارہ بن جائے، دھرنے کے اہم مطالبے میں روڈ کی تحفظ ہے جب تک روڈ محفوظ نہیں بن جاتا تب تک دھرنا جاری رہے گا۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹڑ سیف کا کہنا ہے کہ ہفتے کو کرم کی جانب قافلے روانہ کیے جائیں گے، پہلے کانوائے کے ذریعے سڑک پر آمد و رفت ہوگی۔