Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

ساجد خان پر گھناؤنے الزامات، خودکشی کا سوچنے لگے

الزامات نے ان کی زندگی اور کیریئر کو تباہ کر دیا
شائع 02 جنوری 2025 09:18am

پچھلے 6 سالوں سے خاموشی اختیار کرنے والے 54 سالہ فلمساز اور اداکار ساجد خان نے اپنی زندگی کے اس مشکل دور کے بارے میں آخرکار کھل کر کہہ ڈالا۔

ساجد خان نے انکشاف کیا کہ ان چھ سالوں میں انہوں نے کئی بار خودکشی کے بارے میں سوچا، یہ وقت بہت مشکل تھا، میں کام سے محروم ہوگیا اور آمدنی نہ ہونے کے باعث مجھے اپنا گھر بیچنا پڑا اور کرائے کے مکان میں منتقل ہونا پڑا۔ میری ماں جن کا انتقال 2024 میں ہوا، میری سب سے بڑی سپورٹ تھیں،آج وہ ہوتیں تو مجھے دوبارہ کھڑا ہونے کی کوشش کرتے دیکھ کر خوش ہوتیں۔

ساجد خان نے اس دور میں اپنے رویے کے بارے میں کہا کہ ابتدائی کیریئر میں میں شہ سرخیاں بنانے کے لیے سنسنی خیز باتیں کرتا تھا، آج جب اپنے انٹرویوز دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ وقت کی مشین لے کر جا کر خود کو روک دوں، میری بدتمیزی نے لوگوں کو ناراض کیا اور کام بند ہونے کے بعد زندگی پر سوالات اٹھنے لگے۔

ساجد خان نے کہا کہ ان پر میڈیا کے ذریعے یکطرفہ مقدمہ چلایا گیا، انہوں نے بتایا کہ میری ماں نے ہمیشہ مجھے خواتین کا احترام کرنا سکھایا، میں نے کبھی کسی عورت کی بےعزتی نہیں کی اور نہ کبھی کروں گا لیکن اس عرصے میں میں نے خود کا تجزیہ کیا اور اپنی زندگی اور بات چیت کے انداز کو بدلنے کا فیصلہ کیا۔

ساجد خان کا کہنا تھا کہ کوویڈ کے بعد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بہت بدل گئی ہے، جب بھی میں پروڈکشن ہاؤسز کے پاس گیا تو انہوں نے کہا کہ آپ کا نام MeTooمیں جڑا ہوا ہے اور ہم آپ کو سائن کرنے میں ہچکچاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک فلم پر کام شروع کرنا ہے لیکن انڈسٹری کی بے یقینی کا سامنا اب بھی ہے۔

ساجد خان نے کہا کہ میں نے خود کو سمجھایا کہ یہ میری زندگی کی کتاب نہیں، صرف ایک باب ہے، میں نے اپنی بہن فرح اور اپنی ماں کے لیے خودکشی کا ارادہ ترک کیا تھا۔

یاد رہے کہ 2018 میں فلم ”ہاؤس فل 4“ کی شوٹنگ کے دوران فلمساز ساجد خان پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے گئے تھے جس نے انکی زندگی میں ایک طوفان برپا کر دیا تھا۔

مختلف خواتین کے لگائے گئےالزامات نے ساجد خان کی زندگی اور کیریئر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیاتھا۔ MeToo تحریک کا ہدف بننے کے بعد انہیں میڈیا،عوام اور فلم انڈسٹری کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Bollywood

entertainment

lifestyle

شخصیات