کراچی میں 4 جنوری تک شدید سردی کی پیش گوئی
ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، شمالی علاقوں میں خون جما دینے والی ٹھنڈ برقرار ہے۔۔ سوات کے علاقے کالام میں طویل خشک سالی کے بعد برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
سوات کے علاقے کالام میں طویل خشک سالی کے بعد برف باری ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے کالام پہنچ گئی۔
دوسری جانب کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے پارہ چار جنوری کو سنگل ڈیجٹ میں جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو اور گوپس میں ریکارڈ کی گئی، جہاں پارہ منفی نو تک گر گیا ہے۔
ادھر پنجاب اور زیریں سندھ میں دھند ہے اور موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔