Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

جرمنی میں شہریوں کو نئے سال کا جشن مہنگا پڑگیا، 5 افراد ہلاک

دارالحکومت برلن میں رات گئے سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا
شائع 01 جنوری 2025 09:33pm
بشکریہ عالمی میڈیا
بشکریہ عالمی میڈیا

یورپ کے اہم ملک جرمنی میں شہریوں کو نئے سال کا جشن منانا مہنگا پڑگیا، آتشبازی کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ 2025 کے آغاز پر مختلف حادثات کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 13 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی کے لوگ نئے سال کا جشن آتشبازی کے انتہائی زیادہ استعمال کرکے مناتے ہیں، ہر سال سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے اورآلودگی پھیلنے پر آتشبازی کو غیر قانونی قرار دینے کے بارے میں بحث شروع ہوجاتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں رات گئے تقریباً 330 افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کوئی بڑا تشدد یا واقعہ پیش نہیں آیا۔

پولیس کے مطابق شمال مغربی علاقے میں پیڈربورن کے قریب ایک 24 سالہ نوجوان جشن مناتے ہوئے راکٹ پھٹنے سے جان سے گیا، حکام کے مطابق راکٹ ممکنہ طور پر اس نے خود تیار کیا تھا۔

ادھرجرمنی کے مشرقی حصے میں طاقتور بم چلانے والے 45 سالہ شخص کے سر میں شدید چوٹیں آئیں، یہ شہری پائروٹیکنک بم جلا رہا تھا، طاقتور آتشی مواد کے حامل بم کو خریدنے کے لیے اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں ایک 50 سالہ شخص بھی پائروٹیکنک پائپ بم کو پھاڑنے کی کوشش کرنے کے دوران سر میں شدید چوٹیں لگنے سے مارا گیا۔ اسی طرح 20 سالہ نوجوان آتشبازی کے دوران ہلاک ہوگیا۔

دارالحکومت برلن کے قریب کریمین کے علاقے میں شہری غلط انداز میں بم پھاڑنے کے دوران ہلاک ہوا، اسی طرح کے واقعات میں مزید جرمن شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ نئے عیسوی سال کے آغاز پر پوری دنیا میں بھرپورجشن منایا جاتا ہے، اس دوران کھل کر آتشبازی بھی کی جاتی ہے، جبکہ بعض ملکوں میں نئے سال کے استقبال کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی جاتی ہے۔

مختلف ممالک میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قوانین کو نافذ کیا جاتا ہے، تاکہ دیگر شہری اندھی گولیاں لگنے سے زخمی یا ہلاک نہ ہوں۔

world

Germany

fire incident

NEWS YEAR NIGHT

fire works

New Year 2025

New Year Celebration