Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے بلدیاتی نمائندوں کے مذاکرات ناکام

وزراء کے پاس اختیار نہیں، مذاکرات سے کیا فائدہ ہوگا؟ بلدیاتی نمائندے
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2025 10:14pm

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے ساتھ بلدیاتی نمائندوں کے مذاکرات ناکام ہوگئے، بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ وزراء کے پاس اختیار نہیں تو ان کے ساتھ مذاکرات سے کیا فائدہ ہوگا؟ اسپیکر اور اراکین صوبائی اسمبلی ہمیں کیسے مطمئن کریں گے۔

خیبر پختونخوا اسبملی کے باہر بلدیاتی نمائندوں کا مطالبات کے حق میں صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا، مختلف اضلاع کے بلدیاتی نمائندے جناح پارک جمع ہونے کے بعد خیبر پختوںخوا اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس فنڈز موجود نہ ہی اختیارات ہیں، صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔

مظاہرین کے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے اسمبلی کے باہر خیبر روڈ کو آہنی گیٹ سے بند کردیا۔ پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شلینگ کے بعد مظاہرین ڈٹ گئے۔

اسپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے دو صوبائی وزراء کو نامزد کیا گیا، تاہم مذاکرات ناکام ہوگئے، بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ وزراء کے پاس اختیار نہیں تو ان کے ساتھ مذاکرات سے کیا فائدہ ہوگا؟

مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ کے نمائندہ وفد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم اپنے ساتھیوں سے مذاکرات کے حوالے سے مشورہ کرکے آئندہ کی حکمت عملی بنائیں گے۔

علاوہ ازیں ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے بلدیاتی ملازمین پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی۔

چند روز قبل بلدیاتی ملازمین نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے بلدیاتی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

کے پی حکومت کی جانب سے مذاکرات نہ ہونے پر بلدیاتی ملازمین نے ڈیڈ لائن پرعمل کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج شروع کرتے ہوئے خیبر روڈ بلاک کردی۔

ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور انہوں ںے خیبرپختونخوا کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، ان پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی، مظاہرین وہاں سے منتشر ہوگئے جس کے بعد انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بند کردیا۔

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا ریڈ زون میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کرتے ہوئے انہیں اسمبلی چوک سے پیچھے دھکیل دیا۔

بعد ازاں بلدیاتی نمائندے جناح پارک سے نکل کر خیبر پختوںخوا اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے، مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے اسمبلی روڈ کو اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

حکومت کے خلاف نعرے بازی پر پولیس کی جانب سے شلینگ کے بعد مظاہرین دوبارہ منشتر ہوگئے، صوبائی اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری، قیدیوں کی گاڑیاں اور واٹر کینن کی گاڑیاں موجود ہیں۔

peshawar