نئے سال کے پہلے دن پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا
سال 2024 کے اختتام کی طرح نئے سال کے پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر تیزی کی لہر دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں 1500 پوائنٹس سے زائد اضافہ ہوا۔
اس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 800 پر آگیا۔
بعدازاں دوران کاروبار پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مزید تیزی کی لہر دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس 2100 پوائنٹس سے زائد اضافے کے بعد 1 لاکھ 17 ہزار 300 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
خیال رہے کہ سال 2024 کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 84 فیصد اضافہ ہوا۔
گزشتہ سال 100 انڈیکس میں 52 ہزار 675 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور رواں سال کے اختتام پر 100 انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 126 کی سطح پر رہا۔
سال 2024 میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 17 ہزار 39 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 59 ہزار 191 پوائنٹس رہی۔
گزشتہ سال بازار میں 139 ارب شیئرز کے سودے ہوئے جبکہ شیئرز بازار میں 2024 کے کاروبار کی مالیت 5 ہزار 464 ارب روپے رہی۔
سال 2024 میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 5 ہزار 432 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار 495 ارب روپے رہا۔