’یہاں محنت کا صلہ ملتا ہے‘، مئیر لندن صادق خان کی بادشاہ سے ’نائٹ ہڈُ‘ کا اعزاز پانے کے بعد خوشی دیدنی
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ”نائٹ ہُڈ“ کا اعزاز پانے کے بعد لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ ”سر“ کا خطاب ملنا اعزاز کی بات ہے، یہاں محنت کا صلہ ملتا ہے۔
”نائٹ ہُڈ“ اور ”سر“ کا خطاب ملنے کے بعد صادق خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ خطاب ملنے پر خود کو بہت عاجز محسوس کر رہا ہوں، یہ اعزاز محنت کرنے والی پوری کمیونٹی کا ہے، میرے والد کو بس ڈرائیور کی نوکری ملی تھی، والدہ کپڑے سیتی تھیں، میرے والدین نے پاکستان سے یہاں آ کر محنت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ”سر“ کا اعزاز ملنے پر والدہ بہت جذباتی ہوگئی تھیں، ہم سب والد کو یاد کر رہے تھے، بچے مذاق کر رہے ہیں کہ گھر میں آپ سر نہیں صرف ہمارے والد ہیں، میری کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور یہ ایوارڈ بھی پوری ٹیم کیلئے ہے۔
صادق خان نے کہا کہ بادشاہ سے خاصے اچھے تعلقات ہیں، وزیراعظم بھی میرے دوست ہیں۔
تاہم، شیڈو ہوم سیکرٹری کرس فلپ کا کہنا ہے کہ صادق خان کے دور میں لندن والوں کو چاقو کے جرائم میں 61 فی صد اضافہ، رہائش کا بحران اور کونسل ٹیکس میں 70 فی صد اضافہ برداشت کرنا پڑا، لندن کے رہائشی بجا طور پر ناراض ہوں گے کہ ان کو ناکامیوں کے ریکارڈ پر انعام دیا جا رہا ہے۔
برطانوی رکن اسمبلی نائجیل فیریج کہتے ہیں کہ لندن کے لاکھوں باشندے اس اعزاز سے بہت مایوس ہوں گے کیونکہ صادق خان نے ایک ایسے دور کی قیادت کی ہے جس میں تقریباً سب کا معیار زندگی نیچے آیا ہے۔